کمزور ممالک کے قرضوں کا مسئلہ حل کیا جائے، سعودی وزیر خزانہ
کم آمدنی والےممالک کی مالی اورفنی امداد ضروری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ سعودی عرب بین الاقوامی توانائی ایجنسی کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔
کم آمدنی والے ممالک کی مالی اورفنی مدد کو یقینی بنانے کےلیے سرگرم مشن کو ضروری سمجھتے ہیں تاکہ متاثرہ ممالک درپیش چیلنجوں سے بہترطورپر نمٹ سکیں۔
اخبار24 کے مطابق الجدعان نے عالمی مالیاتی فنڈ اورعالمی بینک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت زیادہ کمزور ممالک کے ریاستی قرضوں کا مسئلہ حل کیا جانا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ ممالک کے قرضوں کا مسئلہ حل کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جائے۔
سعودی وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ عالمی بینک کودو بڑے اہداف کے لیے کام کرنا چاہئے ایک تو شدید غربت کا مسئلہ حل کرنے اوردوم خوشحالی بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے۔
یاد رہے کہ وزیر خزانہ محمد الجدعان کی قیادت میں سعودی وفد عالمی مالیاتی فنڈ اورعالمی بینک کے موسم بہار کے اجلاسوں میں شریک ہے۔ اجلاس واشنگٹن میں ہورہے ہیں۔ انکا سلسلہ 16 اپریل تک جاری رہے گا۔