Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مولانا عبدالشکور ٹریفک حادثے میں ہلاک

مولانا عبدالشکور کا تعلق جمیت علمائے اسلام (ف) سے تھا۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مولانا عبدالشکور سڑک حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
سنیچر کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’مولانا عبدالشکور میریٹ سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جا رہے تھے۔ ہائی لکس ریوو جس میں پانچ آدمی سوار تھے، نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری۔‘
بیان کے مطابق ’مولانا عبدالشکور کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔‘
آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کہا ہے کہ تیز رفتار گاڑی کے ٹکر کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ مفتی عبدالشکور جی سیون میں اپنے دوست کے ساتھ افطاری کر کے پارلیمنٹ لاجز جارہے تھے۔ ان کے ساتھ کوئی پروٹوکول نہیں تھا، وہ گاڑی خود چلا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ’مفتی عبدالشکور کی موت سر پہ چوٹ آنے کی وجہ سے ہوئی۔ ڈرائیور سمیت ڈبل کیبن گاڑی میں سوار تمام لوگ پولیس کی حراست میں ہیں۔‘
مولانا عبدالشکور کا تعلق جمیت علمائے اسلام (ف) سے تھا اور وہ این اے-51 سے قومی اسمبلی کے رکن تھے۔ جے یو آئی کے میڈیا سیل کے مطابق مولانا عبدالشکور کی نماز جنازہ تاجبی خیل لکی مروت میں ادا کر دی گئی ہے۔
 
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی ٹریفک حادثے میں ہلاکت پر پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم نے مفتی عبدالشکور کے اہل خانہ اور تمام وابستگان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے بھی وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مولانا عبدالشکور کی ہلاکت پر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو حادثے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

شیئر: