مسجد الحرام میں اچانک گر کر بے ہوش ہونے والے غیرملکی کی جان بچا لی گئی
نائجیریا کے شہری کو ہنگامی بنیادوں پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔(فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں صحت عملے نے عمرے کے دوران اچانک بے ہوش ہوکر گر جانے والے 50 سالہ نائجیرین کی بروقت طبی امداد دے کرجان بچا لی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق مکہ ہیلتھ کمپلیکس کے ترجمان حاتم المسعودی نے بتایا کہ نائجیریا کا شہری عمرے کے دوران اچانک گر گیا تھا۔
اجیاد ایمرجنسی وارڈ کی میڈیکل ٹیم نے بروقت مدد کرکے اس کی زندگی بچالی۔ ہنگامی بنیادوں پر ابتدائی طبی امداد کی فراہم کی گئی۔
حاتم المسعودی نے کہا کہ نائجیرین شہری کا فوری معائنہ کیا گیا اور مختلف ٹیسٹ بھی کیے گئے جن سے معلوم ہوا کہ اچانک گرنے سے سینے کے دائیں جانب کی ایک پسلی ٹوٹ گئی ہے۔ پھیپھڑے کے اطراف خون جمع ہونے سے عمرہ زائر کو سانس لینے میں مشکل ہورہی تھی۔
اجیاد ہسپتال کی ایمرجنسی ٹیم نے ابتدائی طبی امداد کے بعد نائجیرین شہری کو النور سپیشلسٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں علاج کی تمام سہولتیں مہیا ہیں، اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔