سعودی ڈاکٹروں نے مکہ میں ایرانی عازم حج کی جان بچا لی
سعودی ڈاکٹروں نے مکہ میں ایرانی عازم حج کی جان بچا لی
اتوار 3 جولائی 2022 7:42
میڈیکل ٹیم نے حسین قاسمی جلمرازی کو اوپن ہارٹ آپریشن کرنے کی پیشکش کی لیکن انہوں نے اس سے انکار کر دیا۔ (سکرین گریب: الاخباریہ ٹی وی)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ کے کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کی ایک خصوصی ٹیم نے سنیچر کو ایک ایرانی عازم حج کی جان بچانے کے لیے دل کا کامیاب آپریشن کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کی جانب سے اتوار کی صبح جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزارت صحت نے بتایا کہ عازم حج کو اس وقت ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں لے جایا گیا جب انہوں نے نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد الحرام جاتے ہوئے سینے میں شدید درد کی شکایت کی۔
مریض کی شناخت ان کے حج ٹیگ پر حسین قاسمی جلمرازی کے نام سے ہوئی ہے۔ ان کا تعلق وسطی ایران کے شہر اصفہان سے ہے۔
وزارت صحت کے مطابق ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ’دل میں دو سے زیادہ شریانوں میں رکاوٹ کی وجہ سے فوراً ایک آپریشن کیا۔‘
میڈیکل ٹیم نے مریض کو اوپن ہارٹ آپریشن کرنے کی پیشکش کی لیکن انہوں نے اس سے انکار کر دیا۔ جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ متاثرہ شریانوں میں سٹنٹ ڈالے جائیں تاکہ مریض صحت یاب ہو سکے اور اپنا جج کا سفر مکمل کر سکیں۔
کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی سعودی حکومت کے مکمل تعاون کے ساتھ، تمام حج اور عمرہ زائرین کی صحت کے لیے خصوصی دیکھ بھال فراہم کرتی ہے۔
کورونا پابندیوں میں نرمی کے بعد دنیا بھر سے 10 لاکھ مسلمان اس سال حج ادا کریں گے۔ گزشتہ سال صرف ویکیسن شدہ 60 ہزار عازمین حج نے یہ مذہبی فریضہ ادا کیا تھا جبکہ 2020 میں یہ تعداد صرف ایک ہزار تھی۔