Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ اور ایشز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا

مچل مارش کو انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے لیے سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کرکٹ آسٹریلیا نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ اور ایشز سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق سلیکٹرز نے بدھ کو 17 کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ کا اعلان کیا ہے جو 7 جون سے اوول میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل اور ایشز سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچز کے لیے ہے۔
انڈیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے لیے حتمی طور پر 15 رُکنی سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے بیٹر میٹ رینشا، مارکس ہیرس اور آل راونڈر مِچل مارش کو ایشز سیریز کے لیے سکواڈ میں شامل کیا ہے جبکہ انہیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کا حصہ بھی بنایا جا سکتا ہے۔
اسی طرح بارڈر گواسکر ٹرافی کے لیے انڈیا کا دورہ کرنے والے ایشٹن ایگر، پیٹر ہینڈزکمب، مِچل سیوپسن اور میٹ کُوہنامین کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیئر آف سلیکٹرز جارج بیلی کہتے ہیں کہ ’انگلینڈ میں ہمارے انڈیا کے حالیہ ٹور کی نسبت چیزیں مختلف ہوں گی اور اسی وجہ سے کنڈیشنز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مارکس، جوش اور مِچ سکواڈ میں واپس آئے ہیں جو اپنی قابلیت سے اہم کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
دوسری جانب 2019 میں انگلینڈ میں کھیلی گئی ایشز سیریز میں بدترین کارکردگی دکھانے والے ڈیوڈ وارنر پر سلیکٹرز کی خاص نظریں رہیں گی۔
سنہ 2019 کی ایشز میں انہوں نے پانچ میچز میں 9.50 کی اوسط سے صرف 95 رنز بنائے تھے۔
اسی وجہ سے جارج بیلی اور ہیڈ کوچ انڈریو مکڈونلڈ نے ڈیوڈ وارنز کو پوری ایشز کھلانے کی حمایت کرنا بند کر دی تھی اور اس مرتبہ بھی چیئر آف سلیکٹرز نے عندیہ دیا ہے کہ انڈیا ٹور کی نسبت انگلینڈ کے خلاف سلیکشن کو مخلتف طریقے سے دیکھا جائے گا۔

ایشز سیریز کا پہلا میچ 16 جون سے برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

خیال رہے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل 7 جون کو لندن کے اوول سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تاریخی ایشز سیریز کھیلی جائے گی۔
ایشز کا پہلا میچ 16 جون سے برمنگھم، دوسرا میچ 28 جون سے لارڈز لندن، تیسرا میچ 6 جولائی سے ہیڈنگلے، چوتھا میچ 19 جولائی کو مانچسٹر جبکہ پانچواں اور آخری میچ 27 جولائی سے اوول میں کھیلا جائے گا۔

سکواڈ

پیٹ کمنز (کپتان)،سٹیو سمتھ،  کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، مارنس لبوشین، ٹوڈ مرفی، مچل سٹارک، سکاٹ بولینڈ، مارکس ہیرس، جوش انگلس، نیتھن لائن، میٹ رینشا، ڈیوڈ وارنر، ایلکس کیری، جوش ہیزل وُڈ، عثمان خواجہ اور مچل مارش۔

شیئر: