Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افواہوں کی فکر نہیں، میرا کام ہے کرکٹ کھیلنا: بابر اعظم

بابر اعظم نے کہا کہ ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ کوئی تجربہ کریں، میری اور رضوان کی جو اوپننگ جوڑی ہے، اسی کو جاری رکھیں گے۔ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ  ٹیم بہت پرجوش ہے کہ لاہور میں سیریز ہو رہی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ’ہم بطور ٹیم بہت پرجوش ہیں کہ لاہور میں سیریز ہو رہی ہے۔ ہم نے پچھلے تین دن کیمپ میں گزارے جس میں ہم نے اپنا سو فیصد دیا۔ یہ ہمارے لیے بہت اہم میچز ہیں کیونکہ آگے دو میگا ایونٹس آ رہے ہیں۔ اُس کے لیے ہم تیار ہوئے ہیں۔
اپنی کپتانی کے بارے میں گردش کرنے والی افواہوں کے سوال پر بابر اعظم کہتے ہیں کہ ’مجھے اس چیز کی کوئی فکر نہیں ہے۔ میرا کام ہے کرکٹ کھیلنا۔ میری جتنی بھی چیئرمین کے ساتھ میٹنگز ہوئی ہیں اس میں انہوں نے مجھے مثبت اعتماد دیا ہے۔ وہ میرے لیے کافی ہے۔ افواہوں کا مجھے نہیں پتا کیا کیا چل رہا ہے، اتنی چیزیں آتی ہیں میں اب کس کس پر بولوں۔ کوشش کرتا ہوں ان کو نظر انداز کروں۔‘
پی سی بی کی سٹیٹس کو کی پالیسی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’مجھے انہوں نے کلیئرنس دی ہوئی ہے۔ ابھی دیکھیں سیریز سے سیریز یہی کوشش ہوتی ہے کہ ہم اپنا سو فیصد دیں۔ آگے کا کوئی لکھ کر نہیں لایا کہ میں کپتان ہوں گا۔ سب سے اہم چیز ہے میچ جیتنا اور پرفارم کرنا۔‘
نیوزی لینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر کلین سویپ کرنے کے لیے ٹیم کی قابلیت کے سوال پر کپتان نے کہا کہ ’بالکل ایسا ہے۔ جس طرح ہماری بیٹنگ اور بولنگ لائن اپ ہے اور ہمارے نوجوان کھلاڑٰی آئے ہیں انہوں نے پی ایس ایل اور افغانستان سیریز میں کارکردگی دکھائی ہے۔ جس طرح ہمارے سینیئر کھلاڑی ہیں جیسے شاہین، نسیم، حارث تو یہ اچھی کمبینیشن ہے۔‘
نیوزی لینڈ کی ٹیم کے بارے میں انہوں ںے کہا ہے کہ ’میں سن رہا ہوں کہ ان کی بی ٹیم ہے یا ان کے نوجوان کھلاڑی آئے ہیں، جتنے بھی ان کے کھلاڑی ہیں، تقریبا 9 سے 10 پلیئر سیزنڈ پلیئر ہیں جو ٹیم کے ساتھ رہے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بھی وقت کسی بھی ٹٰیم کو آسان نہیں لیتے۔‘

بابر اعظم نے کہا کہ ’آگے کا کوئی لکھ کر نہیں لایا کہ میں کپتان رہوں گا۔ سب سے اہم چیز ہے میچ جیتنا اور پرفارم کرنا۔‘ (فوٹو: پی سی بی)

نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی20 اور پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کو ورلڈ کپ کی تیاری کے سوال پر بات کرتے ہوئے بابر نے کہا کہ ’وقت کم ہے۔ ابھی دیکھیں ایشیا کپ سے پہلے ہمارے پاس پانچ چھ ون ڈے ہیں۔ یہ ہماری ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے تیاری ہے۔ ہم نے اس حساب سے کمبینیشن بنایا ہے۔‘
بابر اعظم سے جب پلیئنگ الیون میں تجربہ کرنے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ کوئی تجربہ کریں، میری اور رضوان کی جو اوپننگ جوڑی ہے، اسی کو جاری رکھیں گے۔‘

شیئر: