کیا دی کپل شرما شو بند ہونے جا رہا ہے؟ میزبان نے خاموشی توڑ دی
کپل شرما شو میں بالی وڈ کی معروف شخصیات شرکت کرتی ہیں (فائل فوٹو: کپل شرما انسٹاگرام)
معروف کامیڈی پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ نہ صرف انڈیا بلکہ دنیا بھر میں بے حد پسند کیا جاتا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق دی کپل شرما شو کے بارے میں خبریں آرہی ہیں کہ وہ رواں سال جون کے بعد کچھ عرصے کے لیے بند ہو جائے گا۔
شو کے میزبان کپل شرما کا کہنا ہے کہ ’شو کی کاسٹ اور عملہ جولائی میں امریکہ میں لائیو شو کرنے جا رہا ہے، اس لیے ممکن ہے کہ شو بند کرنا پڑے۔‘
تاہم کپل شرما نے واضح نہیں کیا کہ شو ہمیشہ کے لیے بند ہونے جا رہا ہے یا صرف کچھ عرصے کی بریک آئے گی۔
کپل شرما سے جب ہوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’فی الحال کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔‘
کپل شرما نے ای ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ ہمیں جولائی میں اپنے لائیو ٹور کے لیے امریکہ جانا ہے۔ اسی وجہ سے کہہ رہا ہوں کہ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔‘
دی کپل شرما شو 2021 اور 2022 میں بھی تین ماہ کے عرصے کے لیے بند کیا گیا تھا جب اس کی ٹیم کینیڈا اور امریکہ کے ٹور پر گئی تھی۔ اس دوران یہ شو عارضی طور پر بند رہا اور جب دوبارہ آغاز ہوا تو اس میں چند نئے فنکار بھی شامل تھے۔
اس شو میں کام کرنے والے فنکار کرُشنا نے پیسوں پر اختلاف کے باعث گذشتہ سال شو چھوڑ دیا تھا۔
سنہ 2016 میں شروع کیے گئے اس کامیڈی ٹاک شو میں کپل شرما کے علاوہ کِیکو شردا، سمُونا چکرورتی، سرشٹی روڑے، گورو دُوبے، اشتیاق خان، سدھارتھ ساگر اور سری کانت جی مسکی کام کرتے ہیں جبکہ ساتھی میزبان معروف ادکارہ اور ٹی وی شوز کی جج ارچنا پُورن سنگھ ہیں۔
اس شو میں بالی وڈ سمیت انڈیا کی بڑی معروف شخصیات شریک ہوتی رہی ہیں۔
حالیہ دنوں میں بالی وڈ کے سلو بھائی عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی اپنی نئی فلم ’کسی کا بھائی کسی کا جان‘ کی تشہیر کرنے کے لیے فلم کی کاسٹ کے ساتھ کپل شرما کے شو پر آئے تھے۔