Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان کے متحارب فریق عید پر جنگ بند کریں، مسلم و عرب قائدین کی اپیل

سوڈان کے متحارب فریق عید الفطر میں جنگ بندی کریں۔ (فوٹو عرب نیوز)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے سوڈان کے متحارب فریقوں سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ عید الفطر کے دوران انسانی بنیادوں پر جنگ بند کریں۔ مسلمانوں کے اس تہوار کا احترام  کریں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سیکریٹری جنرل نے تاکید کی کہ جنگ بندی کے سمجھوتے کی پابندی ضروری ہے تاکہ زخمیوں اور پھنسے ہوئے لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے نکالنے کا موقع مل جائے۔ سفارتکاروں اور شہریوں کو محفوظ راہداری فراہم کرنے کے عہد کی پابندی کی جائے۔
سیکریٹری جنرل نے تمام فریقوں کو تاکید کی کہ وہ جملہ تنازعات حل کرنے کے لیے مکالمہ کریں اور عسکری محاذ آرائی بند کریں۔انہوں نے اطمینان دلایا کہ او آئی سی متحارب فریقوں کے درمیان مکالمے کی بحالی اور انسانی مشن کی سرپرستی کے حوالے سے اپنے جملہ وسائل  وقف کرنے کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل  احمد ابو الغیط نے جنگ بندی کی تاکید کرتے ہوئے کہاکہ تمام فریق عید کے دنوں میں جنگ بندی کا اعلان کریں تاکہ شہری سکون کا سانس لیں۔ بنیادی ضروریات کا سامان خرید سکیں۔  زخمیوں اور فوری امداد طلب سے نمٹ سکیں۔
ابو الغیط نے مذکورہ اپیل افریقی تنظیم اتحاد کی نگرانی میں سوڈان سے متعلق ہونے والے آن لائن بین الاقوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ، افریقی تنظیم  اتحاد کے سربراہ، یورپی یونین کے اعلی نمائندہ، سوڈان کے پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ و اعلی عہدیدار، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن پانچ ملکوں کے نمائندے ، سلامتی کونسل میں افریقہ کے رکن ممالک، سعودی عرب، امارات اور قطر کے نمائندے شریک  تھے۔
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ جنگ بندی کی خاطر ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ جنگ بندی کااحترام ضروری ہے۔انسانی مشن کے لیے محفوظ راہداریاں کھولی جائیں اور سوڈانی عوام کی امنگوں کی تکمیل کی خاطر نیا مرحلہ شروع کرنے کے لیے پرامن طریقہ کار دوبارہ اپنایا جائے۔ سب کی کوشش ہو کہ سیاسی و اقتصادی استحکام اور امن و امان کی صورتحال مضبوط کرنے میں اپنا کردارادا کرے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: