ہراسیت کیس: صدر علوی کا غیر ضروری قانونی کارروائی کرنے والے ملزم پر جرمانہ
ہراسیت کیس: صدر علوی کا غیر ضروری قانونی کارروائی کرنے والے ملزم پر جرمانہ
جمعہ 21 اپریل 2023 16:05
صدر مملکت نے کہا کہ ’عجلت میں اپیل دائر کرنے سے نہ صرف محتسب بلکہ صدر کا قیمتی وقت ضائع ہوا‘ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہراسیت کیس میں ناقص بنیادوں پر غیر ضروری قانونی کارروائی کی حوصلہ شکنی کے لیے ملزم پر جرمانہ عائد کردیا۔
جمعے کو ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ’اصل کیس کی کارروائی ابھی زیر التوا ہے جس میں ہراسیت کی حقیقت کا پتا لگانے کے لیے شواہد ریکارڈ کرنا باقی ہے۔‘
’ملزم نے کارروائی کو طول دینے کے لیے غیر ضروری طور پر درخواست دائر کی۔ ایسے رجحان کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے کیونکہ یہ وقت حاصل کرنے کے حربے کے سوا کچھ نہیں۔‘
صدر مملکت نے کہا کہ ’یہ طے شدہ بات ہے کہ کسی بھی فریق کو عجلت میں اپیل دائر کرنے کی اجازت نہیں، اپیل سے نہ صرف محتسب بلکہ صدر کا بھی قیمتی وقت ضائع ہوا۔‘
تفصیلات کے مطابق سکھر میں تعینات ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی خاتون اسسٹنٹ سب انسپکٹر اے ایس آئی (شکایت کنندہ) کو ایئرپورٹ مینیجر نے مبینہ طور پر ہراساں کیا۔
الزامات کے مطابق ملزم نے خاتون پر شادی کے لیے دباؤ ڈالا اور پھر شادی کے چار ماہ کے اندر ہی بدسلوکی شروع کردی۔
فروری 2022 میں ملزم نے خاتون کو طلاق دی اور بعد میں ساتھ رہنے کے لیے دباؤ ڈالا، ملزم نے ایئرپورٹ مینیجر کی حیثیت سے خاتون کو نوکری ختم کرنے کی بھی دھمکی دی اور ناشائستہ واٹس ایپ پیغامات بھیجے۔
شکایت کنندہ نے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت سے رابطہ کیا۔ محتسب نے کیس پر محتسب کے دائرہ اختیار کے حوالے سے ملزم کے اعتراضات کو مسترد کردیا۔
ملزم نے محتسب کے حکم کے خلاف صدر مملکت کے پاس اپیل دائر کی جسے انہوں نے بھی مسترد کردیا۔
صدر مملکت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ’ملزم فضائی سفر کا کرایہ ادا کرے، خاتون کو سماعت کے لیے کراچی سے اسلام آباد کا سفر کروا کر مزید ذہنی اور مالی مشکلات میں ڈالا گیا۔‘
’ملزم نے ناقص بنیادوں پر دائر درخواست پر سماعت کے لیے خاتون کو غیر ضروری طور پر تکلیف دی۔‘
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ ’غیر ضروری قانونی چارہ جوئی کے اس طرح کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔‘
’معاملات نمٹانے میں غیر معمولی تاخیر کو روکنے کے لیے ناقص بنیادوں پر اپیل جمع کرانے والے فریق پر جرمانہ عائد کرنا مناسب ہے، شواہد کی جانچ پڑتال کے بغیر کیس میں فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔‘
صدر مملکت نے ملزم کی اپیل مسترد کرتے ہوئے شکایت کنندہ خاتون کے فضائی سفر کے اخراجات ملزم پر عائد کر دیے۔
انہوں نے کہا کہ ’محتسب کارروائی 90 دن میں مکمل کریں اور ملزم کی طرف سے شکایت کنندہ کو ہوائی جہاز کے کرائے کی ادائیگی بھی یقینی بنایا جائے۔‘