سوڈان سے غیرملکیوں کے انخلا کی کوششیں جاری رکھیں گے: سعودی وزیر خارجہ
منگل 25 اپریل 2023 9:47
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سعودی عرب نے سوڈان میں عسکری کارروائیاں روکنے کی اپیل کی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کا بحری جہاز مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 199 افراد کو جنگ زدہ سوڈان سے نکال کر پیر کی رات جدہ کی کِنگ فیصل نیول بیس پہنچ گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مملکت کی دانا قیادت کی ہدایت پر سعودی عرب سوڈان سے اپنے اور دیگر ممالک کے شہریوں کے انخلا کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کے نتیجے میں 10 مزید سعودی شہریوں کو پیر کی شام جدہ پہنچا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سوڈان سے دیگر برادر دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے 189 شہریوں کا انخلا بھی مکمل کیا گیا ہے۔‘
سعودی وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ مملکت نے انخلا کا آپریشن شروع ہونے سے اب تک سوڈان سے 101 سعودی شہریوں سمیت 356 افراد کا انخلا مکمل کیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے پیر کو سوڈان سے لیبیا کے 101، لبنان کے 45، شام کے 15، عراق کے تین، ترکی کے دو، سوئیڈن کے ایک، برطانیہ کے پانچ، سوڈان کے چار، اور قطر اور امریکہ کے دو، دو شہریوں کو جدہ پہنچایا گیا ہے۔
سوڈان سے کِنگ فیصل نیول بیس پہنچنے والے افراد میں دو اطالوی، نیدرلینڈز کے تین اور تنزانیہ کا ایک شہری بھی شامل ہے۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ ’ہم سوڈان میں موجود اپنے بھائیوں کے ساتھ وہاں پھنسے افراد کے بحفاظت انخلا کے لیے رابطے میں ہیں۔ سعودی عرب غیر ملکی شہریوں کو بحفاظت ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے مدد کرتا رہے گا اور اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔‘
دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے سوڈان میں عسکری کارروائیاں روکنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
امریکہ کے قونصل جنرل فارس اسد کی جانب سے بھی شہریوں کے بحفاظت انخلا پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
انہوں نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’صدر بائیڈن نے اتوار کو جو کہا میں وہ دُہرانا چاہوں گا، ہم سعودی عرب اور سعودی عرب کے لوگوں کے شکرگزار ہیں۔ ہم مملکت میں اپنے دوستوں اور پارنٹنرز جنہوں نے ہمیں مدد فراہم کی ان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘