Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان مسئلے کے حل کے لیے عالمی سفارتی مشن کا آغاز

سوڈانی متحارب گروپوں کے رہنماؤں کی ملاقات جلد ریاض میں کرائی جائے گی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور امریکہ نے سوڈان مسئلے کے حل کے لیے سفارتی مشن کا آغاز کر دیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق امریکہ، سعودی عرب، امارات، مصر، افریقی یونین اور یورپی یونین کے نمائندوں پر مشتمل سفارتکاروں نے سوڈانی فوج کے کمانڈر عبدالفتاح البرھان اور نیم فوجی گروپ کے کمانڈر محمد حمدان دقلو کی ملاقات ریاض میں کرانے کا منصوبہ مرتب کیا ہے۔
امریکی سفارتکار نے سکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی مشن آئندہ ہفتوں کے دوران متحارب فریقوں کا اجلاس سعودی عرب کے درالحکومت ریاض میں منعقد کرانے کے لیے کوشاں ہے۔
امریکی عہدیدار نے مجوزہ سیاسی تصفیے کے بارے میں مزید تفصیلات کا ذکر نہیں کیا البتہ یہ کہنے پر اکتفا کیا کہ ملاقات آئندہ ہفتوں کے دوران ریاض میں ہوگی جس میں البرھان اور دقلو شریک ہوں گے۔
امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اس حوالے سے جلد ہی اعلامیہ جاری کرے گا۔
دریں اثنا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سوڈان میں عسکری سرگرمیاں بند کرنے اور شہریوں کے بحفاظت انخلا کی اپیل کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اطمینان دلایا ہے کہ سوڈان کے اندر اور باہر بین الاقوامی سفارتی مشن جاری رہے گا انہوں نے مزید کہا ہے کہ سوڈان میں امن و استحکام کی مکمل بحالی کے لیے عسکری سرگرمیوں کو فوری طور پر روکنا ہوگا۔

شیئر: