آب زم زم کی فروخت کےلیے نیٹ ورک میں توسیع
جمعرات 27 اپریل 2023 17:59
ایک شخص کوچارکین خریدنے کی اجازت ہوگی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب کی نیشنل واٹر کمپنی نے آب زمزم کی فروخت کے لیے نیٹ ورک میں توسیع کا اعلان کردیا گیا۔ مختلف شہروں میں مقرر تجارتی اسٹورز سے آب زم زم خریدا جاسکے گا۔
اخبار 24 کے مطابق نیشنل واٹر کمپنی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانچ لٹر والے آب زمزم کے کین آب زمزم پروجیکٹ ہیڈکوارٹر کے علاوہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ میں سپراسٹورز جن میں پانڈا، بن داؤد اور دانوب تجارتی مراکز شامل ہیں کی کسی بھی شخ سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
نیشنل واٹر کمپنی کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخص کو زیادہ سے زیادہ آب زمزم کے چار کین حاصل کرنےکی اجازت ہے۔ ایک کین کی قیمت ساڑھے پانچ ریال ہے اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس بھی شامل ہے۔
واضح رہے اس سے قبل صرف پانڈا سپراسٹور میں ہی آب زم زم کے کین فراہم کیے جاتے تھے تاہم اب مزید دواسٹورز کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو آب زم زم حاصل کرنے میں سہولت ہو۔