Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چندہ جمع کرنے کے ضوابط جاری، خلاف ورزی پرجرمانے

خلاف ورزی پر4500 ریال تک جرمانہ عائد کیاجاتاہے(فوٹو،ٹوئٹر)
سعودی عرب میں عطیات جمع کرنے سے متعلق لائحہ عمل جاری کردیاگیا ہے۔ ضوابط اندرون مملکت عطیات جمع کرنے والے سعودی اداروں اور افراد پرلاگو ہوگا۔ 
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکزبرائے غیرمنافع بخش ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مملکت میں صرف پرمٹ ہولڈرسعودی ادارے ہی عطیات جمع کرسکتے ہیں۔
عطیات جمع کرنے کے حوالے سے وہ سعودی شہری مستثنی ہوں گے جو بغیر منافع والے شعبے کے فروغ پرمامور قومی مرکز کی مجلس انتظامیہ سے سپیشل اجازت نامہ حاصل کرلیں گے۔ 
قومی مرکز نے عطیات جمع کرنے والے اداروں کے حوالے سے لائسنس ضوابط بھی جاری کردیے ہیں۔ 
قومی مرکزنے توجہ دلائی ہے کہ اسے پرمٹ کے لیے دی جانے والی درخواست عام حالات میں 30 دن کے اندراورہنگامی حالات میں پندرہ دن میں نمٹانا ہوگی اگر مذکورہ مدت کے دوران درخواست نہ نمٹائی گئی تومرکز کی خاموشی کواس کی منظوری مانا جائے  گا۔ 
قومی مرکز نے عطیات لائسنس کی تجدید اورمنسوخی کے ضوابط بھی مقررکیے ہیں۔ 
قومی مرکز نے اس بات کی بھی نشاندہی کی ہے کہ لائسنس ہولڈر ادارےعطیات کس طرح جمع کرسکتے ہیں۔
اس سلسلے میں بینک اکاؤنٹ، ٹرانسفر، موبائلز کے ذریعے آن لائن ادائیگی یا تجارتی مراکز میں ای سیلز پوائنٹ کے ذریعے عطیات جمع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ 

عطیات جمع کرنے والے اداروں کے حوالے سے لائسنس ضوابط بھی جاری کردیے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)

قومی مرکز نے اس بات پر پابندی عائد کی ہے کہ عطیات لائسنس یافتہ اداروں کو بیرون مملکت سے چیک یا کسی بھی شکل میں مرکز کی منظوری کے بغیر بیرون مملکت سے عطیات قبول کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اس پابندی سے لائسنس ہولڈر فلاحی نجی ادارے مستثنی ہوں گے۔ 
قومی مرکزنے توجہ دلائی ہے کہ عطیات کی اپیل مقامی ذرائع ابلاغ، مقامی مواصلاتی کمپنیوں،اشتہاراتی بورڈز، سروسز بلزاور لائسنس یافتہ ادارے کے لٹریچر کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔ 
قومی مرکز نے عطیات کے حوالے سے خلاف ورزیوں کا بھی چارٹ جاری کیا ہے۔ جن پر 2500 سے لے کر  4500 ریال تک کے  جرمانے مقرر کیے گئے ہیں۔

شیئر: