Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب 3 براعظموں کو جوڑنے والا انٹرنیشنل ڈیجیٹل سینٹر بنے گا

منصوبہ  2024 میں مکمل ہوگا۔ (فوٹو سبق)
ایس ٹی سی گروپ کی ذیلی کمپنی ’سینٹر تھری‘  اور’ میٹا ‘ نے جدہ  اور ینبع شہروں کو دنیا کے طویل ترین سمندری کیبل سے جوڑنے کا اعلان کردیا۔ دونوں کمپنیاں 4 علاقوں کو کیبل سے مربوط کریں گی۔ جدہ اور ینبع ان میں شامل ہیں۔
یہ منصوبہ ایس ٹی سی کی اس حکمت عملی کے عین مطابق ہے جس کے تحت سعودی عرب کو 3 براعظموں ایشیا، افریقہ اور یورپ کو جوڑنے والا انٹرنیشنل ڈیجیٹل سینٹر بنایا جارہا ہے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق افریقہ  کیبل ٹو کی لمبائی  45 ہزار کلو میٹر سے زیادہ  ہوگی۔ یہ دنیا کے طویل ترین سمندری کیبل میں سے ایک ہوگا۔ منصوبہ  2024 میں مکمل ہوگا جو 33 ممالک کو سمندری کیبل سسٹم سے مربوط کرے گا۔ 
افریقہ کیبل ٹو جدہ اورینبع شہروں کے بعد  سال رواں کے دوران ضبا شہر اور پھر 2024 میں الخبر شہر کو بھی مذکورہ سمندری کیبل میں شامل کرلے گا۔ 
افریقہ کیبل ٹو کی بدولت معلومات کے تبادلے اور ڈیجیٹل بزنس کا معیار بلند ہوگا اس سے اقتصادی شرح نمو کو فروغ حاصل ہوگا۔ اس سے افراد اور کمپنیوں کو بڑے پیمانے  پر فائدہ ہوگا۔ 
افریقہ کیبل ٹو خلیج عرب کے پورے علاقے  کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ افریقہ پرل ٹو سے کویت، قطر، بحرین، عراق، سلطنت عمان، متحدہ عرب امارات، پاکستان اور انڈیا کو بھی مربوط کردیا جائے گا۔ علاوہ ازیں مملکت سعودی عرب کا مشرقی ساحل بھی  اس کے  دائرے میں ہوگا۔ 
سینٹر تھری کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین فہد الھاجری نے کہاکہ افریقہ کیبل ٹو ہماری کمپنی کے کارناموں میں نیا اضافہ ہوگا۔ ایشیا، افریقہ اور یورپی براعظموں کو جوڑنے کے حوالے سے ہمارے اہداف نمایاں ہورہے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: