Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈانی عوام کے لیے ’ساھم‘ پورٹل کے ذریعے عوامی امدادی مہم کا آغاز

سعودی قیادت نے اتوار کو امدادی مہم شروع کرنے کا فرمان جاری کیا تھا( فوٹو: الشرق الاوسط)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی  خدمات نے پیر کو سوڈانی بھائیوں کی مدد کے لیے ’ساھم‘ پورٹل کے ذریعے عوامی امدادی مہم کا آغاز کیا ہے۔ 
یاد رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کو امدادی مہم شروع کرنے کا فرمان جاری کیا تھا۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکزکے نگران اعلی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ ’سوڈانی بھائیوں کے عوامی امدادی مہم کا آغاز ’ساھم‘ پورٹل اور ’ساھم‘ ایپ کے ذریعے کیا گیا ہے۔ شاہ سلمان مرکز عطیات مہم سے کوئی انتظامی فیس نہیں لے گا۔ تمام عطیات مستحق افراد تک پہنچائے جائیں گے‘۔ 
شاہ سلمان مرکز کا کہنا ہے کہ سوڈانی بھائیوں کی مدد کرنے کے خواہشمند ساھم پورٹل کے ذریعے ای لنک پر جاکر عطیہ کرسکتے ہیں۔
 الراجحی بینک میں امدادی مہم کے اکاؤنٹ کے ذریعے براہ راست رقم جمع کراسکتے ہیں۔ ایپل اور گوگل پلے سٹور کے ذریعے موبائل س ساھم ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے بھی رقم بھیج سکتے ہیں۔ 
سعودی قیادت نے سوڈانی عوام  کو درپیش مسائل میں کمی کے لیے سو ملین ڈالر کی امداد جاری کرتے ہوئے شاہ سسلمان مرکز کو سوڈانیوں کے لیے عوامی امدادی  مہم چلائے کی ہدایت کی تھی۔
علاوہ ازیں الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ماتحت ہنگامی امدادی ادارے کے انچارج فہد العصیمی نے امدادی مہم کی تفصیلات بیان کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’سوڈانی بھائیوں کو کھانے پینے کی اشیا، خیمے، ادویہ اور طبی لوازمات بھیجے جارہے ہیں۔ طبی لوازمات براہ راست متعلقہ ہسپتالوں کے حوالے کیے جائیں گے‘۔ 
فہد العصیمی نے کہا کہ ’شاہ سلمان مرکز متاثرہ علاقوں کو ترجیحی بنیاد پر امدادی سامان کی ترسیل کا طریقہ کار مقرر کیے ہوئے  ہے۔ سعودی سفارتخانے، اقوام متحدہ کی تنظیموں اور فالاحی اداروں کے تعاون سے امدادی مشن چلا یا جارہا ہے‘۔

شیئر: