مشکل حالات میں سوڈانی عوام کے ساتھ ہیں، سعودی وفد
سوڈان میں سیاسی عمل کی بحالی کےلیے مکالمے کا راستہ اختیار کیاجائے(فوٹو، ٹوئٹر)
اقوام متحدہ اور جنیوا میں بین الاقوامی تنظیموں کے یہاں تعینات سعودی سفارتی مشن نے کہا ہے کہ سعودی عرب، سوڈان اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق درپیش بحران سے جس کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔ سوڈانی عوام کو محفوظ منزل تک پہنچانے تک ان کی مدد کرتے رہیں گے۔
اقوام متحدہ میں سعودی سفارتی مشن نے ٹوئٹرپرکہا ہے کہ سوڈان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر انسانی حقوق کونسل کے36 ویں اجلاس میں سعودی سفارتی مشن نے شرکت کی اور ہمارے سفیرعبدالمحسن بن خثیلہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ سعودی عرب سوڈان کے ساتھ کھڑا ہے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ ’موجودہ مرحلے میں ہماری ترجیح ہے کہ ہرکوئی ضبط و تحمل سے کام لے۔ مکالمے کا احترام کیا جائے حکمت سے کام لیا جائے۔ سوڈان میں سیاسی استحکام کے لیے مکالمے کا راستہ اختیار کیا جائے‘۔
سعودی سفیر نے یہ بھی کہا کہ ’مملکت نے جدہ میں فریقین کے درمیان ابتدائی مذاکرات کی میزبانی بھی کی ہے۔ 6 مئی 2023کواس کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا‘۔
عبدالمحسن الحثیلہ نے مزید کہاکہ ’جدہ میں فریقین کے درمیان مذاکرات کی میزبانی امریکہ اور 4 فریقی گروپ کی شراکت اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔ میزبانی کا مقصد مصالحت، جنگ بندی اور انسانی امداد کی ترسیل میں آسانی پیدا کرنا ہے‘۔
عبدالمحسن نے کہا کہ ’سعودی عرب، سوڈان میں امن و استحکام کی بحالی، معاہدے تک رسائی اور بحران کے خاتمے کی غرض سے کیے جانے والے تمام علاقائی اقدامات کا خیر مقدم کرتا ہے‘۔