Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں جلاؤ گھیراؤ، وزیراعظم کی ملزمان کو 72 گھنٹوں میں گرفتار کرنے کی ہدایت

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والے شرپسندوں کو 72 گھنٹوں میں گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سنیچر کو لاہور میں سیف سٹی ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’اگلے 72 گھنٹوں میں تمام مجرموں اور حملہ آوروں کو گرفتار کیا جائے۔‘
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف کے بارے میں عمران خان کے بیان کو ان کی بیمار اور جنونی ذہنیت کا عکاس قرار دیا تھا۔
سنیچر کو ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’بطور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل عاصم منیر نے نیازی کی کرپشن سنڈیکیٹ کا پردہ فاش کیا اور اسی وجہ سے وہ پہلے دن سے آرمی چیف کو بدنام کر رہے ہیں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کا بیان ’اس بات کا اعتراف ہے کہ ہدشت گردی کے المناک اور ذلت آمیز واقعات پی ٹی آئی کے غنڈوں نے عمران خان کے اکسانے پر کیے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور قومی تنصیبات پر حملے ہماری سیاست میں ناقابل تصور پستی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں کمزور کرنے کی کسی بھی مذموم کوشش کو ناکام بنائے گی۔‘
ادھر پنجاب کے نگران وزیراعلٰی محسن نقوی نے جناح ہاؤس،عسکری و سول تنصیبات میں تھوڑ پھوڑ اورجلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سنیچر کو نگران وزیراعلیٰ نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور امن وامان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس کے دوران تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔

جے آئی ٹی واقعات کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

محسن نقوی نے کہا کہ تھوڑ پھوڑ والے تمام مقامات کی جیو فینسنگ کرائی جائے گی اور شرپسندوں کے خلاف تمام کیس انسدادہشت گردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے۔
محکمہ پبلک پراسیکیوشن  کو تمام کیسوں کا فوری ٹرائل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ کسی گناہ گار کو چھوڑیں گے نہیں اور بے گناہ کوپکڑیں گے نہیں۔
جے آئی ٹی واقعات کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔

پنجاب پولیس نے کہا ہے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شواہد اورثبوتوں کے ساتھ ہر  شرپسند کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ جناح ہاوس، عسکری و سول و نجی املاک پر حملہ کرنے والے عناصر عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے۔
اجلاس کو انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور شرپسندوں کے خلاف کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
صوبائی وزیراطلاعات عامر میر،چیف سیکریٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری،ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سیکریٹری قانون، سیکریٹری پبلک پراسیکیوشن، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی،کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

شیئر: