ریاض میں غیر ملکی کو چاقو کے وار کرکے زخمی کردیا، شہری گرفتار
ملزم ذہنی مریض ہے جس کا باقاعدہ علاج کیا جا رہا ہے( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں ریاض پولیس نے ایک غیرملکی کو چاقو کے وار کرکے زخمی کرنے والے سعودی شہری کوحراست میں لیا ہے۔
سبق نیوز نے ادارہ امن عامہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ’ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ریاض کے مشرقی علاقے میں اسکول کے باہرایک شخص نے غیرملکی پر چاقو سے حملہ کیا اوراسے زخمی کرنے کے بعد فرار ہوگیا‘۔
واقعے کی وڈیوسوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کی شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’ ابتدائی تفتیش سے یہ بات ثابت ہوئی کہ ملزم ذہنی مریض ہے جس کا باقاعدہ علاج جاری ہے‘۔
پولیس نے ملزم کوادارہ پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
زخمی غیرملکی کی حالت خطرے سے باہربتائی جاتی ہے جس کے بازو پر چاقو کے متعدد زخم آئے ہیں۔
سوشل میڈیا پروائرل وڈیو میں دکھایا گیا کہ ’ریاض کے مشرق میں الخلیج محلے میں سکول کے سامنے ایک شخص اپنی گاڑی کی عقبی سیٹ پربیٹھا تھا کسی کا انتظارکررہا تھ۔ا۔‘
اچانک وہاں پینٹ شرٹ میں ملبوس ایک نوجوان آتا ہے اور گاڑی کی عقبی نشست پر بیٹھے شخص کو باہر آنے کا کہتا ہے اسی دوران حملہ آوردوسرے ہاتھ میں پکڑے ہوئے چاقو سے گاڑی میں موجود شخص پر کئی وار کرتا ہے۔
وڈیو میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ حملہ آور نوجوان گاڑی سے تیزی سے باہر نکلا اور فرار ہوگیا۔ موقع پر موجود ایک شخص نے واقعہ کی وڈیو بنائی اور حملہ آور کا اپنی گاڑی میں تعاقب کیا۔