امارات میں کاروبار کرنے والے کن افراد پر کارپوریٹ ٹیکس لگے گا؟
امارات میں کارپوریٹ ٹیکس قانون کو سادہ بنایا جارہا ہے (فائل فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کی وزارت خزانہ نے کاروبار کرنے والے مقیم اور غیرمقیم افراد پر کارپوریٹ ٹیکس لاگو کرنے والے فیصلے کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق سیکریٹری خزانہ یونس حاجی الخوری نے کہا ہے کہ’ ملک میں کارپوریٹ ٹیکس قانون کو سادہ بنایا جارہا ہے۔ اس سے چھوٹے کاروباری منصوبوں، نئی کمپنیوں اور معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔ نیا ٹیکس قانون سرمایہ کاروں ، ملکی اور غیرملکی افراد پر لاگو کرایا جائے گا‘۔
سیکریٹری خزانہ نے کہا کہ ’امارات میں کمپنیوں پرکارپوریٹ ٹیکس کا قانون افراد پر لاگو کیا جائے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ افراد کی ملازمت، سرمایہ کاری اور ریئل سٹیٹ کے کاروبار سے ہونے والی آمدنی پر کارپوریٹ ٹیکس لاگونہیں ہوگا تاہم جو افراد کاروبار کررہے ہوں یا کارپوریٹ ٹیکس والے کاروبار سے منسلک ہوں اور ان کے کل سودوں کی رقم ایک سال کے دوران دس لاکھ درہم سے تجاوزکر جائے تو ان پر ٹیکس لاگو ہوگا‘۔
سرکاری قرارداد میں ٹیکس کے حوالے سے ایک مثال دی گئی جس میں کہا گیا کہ’ اگر امارات میں کوئی شخص انٹرنیٹ کے ذریعے کاروبار کررہا ہو اور سالانہ سودوں کی مجموعی رقم دس لاکھ اماراتی درہم سے زیادہ ہوجائے تو نئے فیصلے کے تحت اس کی آمدنی پر ٹیکس ہوگا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ اگر امارا ت میں مقیم کسی شخص نے املاک کو کرایے پر اٹھا کر آمدنی حاصل کی ہو یا نجی سرمایہ کاری کے ذریعے کچھ کمایا ہو تو ایسی صورت میں اس کی آمدنی پر کارپوریٹ ٹیکس لاگو نہیں ہوگا‘۔