Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روٹ ٹو مکہ: ایک ہی چھت کے نیچے پاکستانی عازمین کو تمام سہولیات ملیں گی، سعودی سفیر

وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ ’روٹ ٹو مکہ‘ کے تحت روں سال امیگریشن کے تمام معاملات اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہوں گے۔
وزیر مذہبی امور اسلام آباد ایئرپورٹ پر ’روٹ ٹو مکہ‘ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی شرکت کی۔
وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ 26  ہزار عازمین اس سال ’روٹ ٹو مکہ سے سعودی عرب کا سفر کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی نائب وزیر داخلہ نے پاکستان کا بڑا کامیاب دورہ کیا ہے۔ پونے دو لاکھ عازمین اس سال حج کریں گے۔‘
طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ دیگر پاکستانی ایئرپورٹ پر بھی ’روٹ ٹو مکہ‘ کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ امیگریشن اور کسٹم کے تمام مسائل پر ایم او یو سائن ہوچکا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ دیگر ایئرپورٹ پر روٹ ٹو مکہ اگلے سال شروع ہوگا۔
وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ کوئٹہ، ملتان اور پشاور سمیت دیگر ایئرپورٹ بھی اس پروگرام میں شامل کریں گے۔
عازمین کے لیے تمام سہولیات کی کوشش کر رہے ہیں۔ قربانی کے پیسے عازمین کو نہیں دینا ہوں گے۔ اپنے وسائل کے مطابق عازمین کی خدمت کے لیے انتظامات مکمل کیے ہیں۔ کسی کو مفت حج کی اجازت نہیں ہوگی۔‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ 21  مئی کو حج آپریشن شروع ہوگا۔ پہلی پرواز مدینہ جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ ’روٹ ٹو مکہ‘ بڑا اقدام ہے۔
حج کے انتظامات کی کاسٹ چار ہزار ڈالر سے بھی کم ہوگئی ہے۔ ایک ہی چھت کے نیچے پاکستانی عازمین کو سہولت ملے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت اپنے مہمانوں کی مکمل خدمت کے لیے تیار ہے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ’روٹ ٹو مکہ‘ کے حوالے سے اقدامات پر شکر گزار ہوں۔
’لاہور اور کراچی سے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ پر کام جلد شروع ہو گا۔ کوشش ہوگی پاکستانی عازمین کو دیگر ایئرپورٹ پر بھی اگلے سال سہولت دیں گے۔‘

شیئر: