اپریل میں ابشر کے ذریعے 16 لاکھ سے معاملات نمٹائے گئے
چار لاکھ 90 ہزار اقاموں کے اجرا و توسیع کی کارروائی کی گئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت داخلہ کے ماتحت سرکاری کارروائی کے لیے آن لائن سسٹم ’ابشر‘ پورٹل کا کہنا ہے کہ اپریل 2023 کے دوران 16 لاکھ سے زیادہ معاملات ابشر کے ذریعے نمٹائے گئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق ابشر پلیٹ فارم نے آن لائن 77 ہزار پاسپورٹ کا اجرا یا تجدید کی ہے۔ چار لاکھ 90 ہزار اقاموں کے اجرا و توسیع کی کارروائی کی گئی۔
38 ہزار خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری ویزوں) کے اجرا یا توسیع کی کارروائی بھی کی گئی ہے۔
ابشر پلیٹ فارم نے محکمہ ٹریفک کے حوالے سے بھی معاملات نمٹائے ہیں۔ 45 ہزار وہیکل رجسٹریشن کی گئی۔ گاڑیوں کی اصلاح و مرمت کی 72 ہزار درخواستیں نمٹائیں جبکہ 97 ہزار ڈرائیونگ لائسنس کی توسیع کا کام مکمل کیا گیا۔
محکمہ احوال مدنیہ (سول افیئر) کے حوالے سے 6 ہزار فیملی رجسٹریشن اور 24 ہزار قومی شناختی کارڈ کا اجرا جبکہ قومی شناختی کارڈ کے موثر ہونے کے حوالے سے 82 ہزار درخواستیں نمٹائی گئی ہیں۔