Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد: بارہ کہو میں چھ سالہ بچی مبینہ جنسی زیادتی کے بعد قتل

انہوں نے بتایا کہ بچی کے لواحقین نے اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دے دی ہے جس پر کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارہ کہو کے علاقے نئی آبادی میں چھ سال کی بچی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا ہے۔
تھانہ بارہ کہو کے محرر حمزہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ اتوار کو دن 12 بجے نئی آبادی کے علاقے کی ایک گلی سے بچی کی لاش ملی تھی۔ 
ان کے مطابق نامعلوم ملزم نے بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا تھا۔ حمزہ کے مطابق لاش کا پوسٹ مارٹم اور میڈیکل کرایا گیا جس سے معلوم ہوا کہ بچی کو قتل سے پہلے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ 
پولیس کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر درج کی جارہی ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ بچی کے لواحقین نے اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دے دی ہے جس پر کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ 
پولیس اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ لواحقین نے درخواست میں کسی کو نامزد نہیں کیا۔ پولیس نامعلوم ملزم کو تلاش کر رہی ہے۔ 
درین اثنا ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ تھانہ بہارہ کہو میں بچی کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا تفتیش کرتے ہوئے پولیس نے مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفتیش کی نگرانی براہ راست ڈی آئی جی آپریشنز کررہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کےلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کی  قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ 
ڈاکٹر مہرین نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو واقعے کی  فوری تحقیقات کا حکم دیا۔ 
انہوں نے حکم دیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعہ کی شفاف تحقیقات کرکے رپورٹ جمع کروائیں۔   
ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے متاثرہ خاندان کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

شیئر: