امریکی کمپنی ایپل کی نائب صدر نے ریاض میں ڈویلپر اکیڈمی کا دورہ کیا
امریکی کمپنی ایپل کی نائب صدر نے ریاض میں ڈویلپر اکیڈمی کا دورہ کیا
اتوار 21 مئی 2023 20:18
اکیڈمی کی خواتین نے اپنی تیار کردہ ایپس کی نمائش بھی کی ( فوٹو: ایس پی اے)
امریکہ کی معروف کمپنی ایپل کی نائب صدر برائے ماحولیات، پالیسی اور سماجی انیشیٹو لیزا جیکسن نے حالیہ دنوں ریاض میں قائم آل فیمیل ایپل ڈویلپر اکیڈمی کا دورہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ اکیڈمی 2021 میں شہزادی نورہ بنت عبدالرحمن یونیورسٹی، طویق اکیڈمی اور سعودی فیڈریشن فار سائبر سکیورٹی، پروگرامنگ اور ڈرونز کے تعاون سے قائم کی گئی تھی جس کا مقصد خواتین انٹرپرینر اور ڈویلپرز کو ایپ اکانومی میں کیریئر شروع کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔
لیزا جیکسن نے اکیڈمی کی خواتین سے ملاقات کی جنہوں نے اپنی تیار کردہ ایپس کی نمائش کی۔
لیزا جیکسن نے کہا کہ ’ یونیورسٹی اور فیڈریشن کی تعریف کی جانی چاہیے کیونکہ انہوں نے واقعی ایک ایسا ماحول فراہم کیا جو سیکھنے والوں کی خواہشات کے مطابق تھا‘۔
اکیڈمی کی نوجوان خواتین کی جانب سے تیار کردہ ایپ کے آئیڈیاز میں جلد کی دیکھ بھال کے صحیح پروڈکٹس تلاش کرنے سے لے کر آٹسٹک بچوں کے ساتھ رابطے کو کم کرنے تک شامل ہیں۔
باکس ای کی شریک بانی اور سی ای او رنین المرغلانی نے کہا کہ ’ پہلے سال کے پروگرام سے ہمارے پاس ٹریفک چینل کے نام سے ایک ایپ تھی جو اکیڈمی میں وژنری پروگرام میں شامل ہونے کے بعد اور ہماری مارکیٹ ریسرچ کے بعد ہم نے باکس ای میں شمولیت اختیار کی‘۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ’ جب آپ کسی آن لائن سٹور سے چیک آؤٹ کرتے ہیں تو ہر بار خریداری کرتے وقت اپنے گھر کا پتہ ٹائپ کرنے کی بجائے آپ ایپ میں موجود ایک آئیکون پر کلک کریں گے اور اپنی معلومات اور مقام کو ایک بار شامل کریں گےجسے آپ ہر بار آن لائن خریداری کرنے پر استعمال کر سکتے ہیں ‘۔
سبیل پر کام کرنے والے چار ڈویلپرز میں سے ایک ایناس الترکی نے ایپ کے بارے میں کہا کہ ’ سبیل ایک مفت کمیونیکیشن ایپ ہے جو آٹسٹک بچوں کو تصویر کے تبادلے مواصلاتی نظام کے ذریعے اپنے نگہداشت کرنے والوں کے ساتھ آسانی سے بات چیت کرنے میں مدد کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ ایک ہی ٹیپ کے ساتھ آٹسٹک بچے اپنے نگہداشت کرنے والوں کو اطلاعات بھیج سکتے ہیں، اپنی خواہشات اور ضروریات کا اظہار کر سکتے ہیں ‘۔
لیزا جیکسن نے اکیڈمی میں نوجوان ایپ ڈویلپرز سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ ’ آج میں نے ایسی چیزیں سنی ہیں جو مجھے متاثر کرتی ہیں اور میرے خیال میں یہاں ہونے والے تعاون کی خوبصورتی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ میرے خیال میں ایک خاتون کے لیے سب سے اہم چیز یہ ہے کہ وہ خود کو اس کام میں دیکھے اور یہ جان سکے کہ جب ہم ڈویلپرز کے بارے میں بات کرتے ہیں تو ہم اسی کے بارے میں بات کر رہے ہیں‘۔
لیزا جیکسن نے کہا کہ ’ میرے خیال میں ہمارے پاس یہ واحد اکیڈمی ہے جو خواتین کے لیے وقف ہے‘۔