جدہ ..... محکمہ پاسپورٹ کے ترجمان کرنل طلال شلہوب نے کہا ہے کہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد اور قانون محنت کی خلاف ورزی کے مرتکب غیر ملکی جلد از جلد مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ملک روانہ ہوجائیں۔ ایک نیوز ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے شلہوب نے کہا کہ وہ غیر ملکی کارکن جنکے خلاف ہروب لگا ہوا ہے اور وہ اپنا ذاتی کام کررہے ہیںگرفتاری کی صورت میں ان پر 50ہزار ریال جرمانہ او ر6ماہ قید کی سزا دی جائیگی جبکہ ایسے افراد کو مملکت میں آئندہ کیلئے بلیک لسٹ کردیا جائیگا۔ ایک سوال پر شلہوب نے کہا کہ جو مقامی اور غیر ملکی کسی بھی غیرقانونی تارک وطن کو پناہ دیگا یا انہیں روزگار فراہم کریگا انہیں ایک لاکھ ریال جرمانہ اور 6ماہ قید کی سزا دی جائیگی۔کرنل شلہوب کا کہناتھا کہ وہ آجر جو اپنے زیر کفالت کارکنوں کو کسی اور کے پاس کام کرنے کی اجازت دیتے ہیں وہ قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں۔ ایسے کمپنی مالکان کو قانون کے مطابق ایک لاکھ ریال جرمانہ اور 6ماہ قید کے علاوہ 5سال تک ویزوں کے اجراءکی پابندی لگادی جائیگی۔ اگرآجر غیر ملکی ہوا تو اسے بلیک لسٹ کرکے ملک بدر کردیا جائیگا۔ واضح رہے کہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے مملکت میں مقیم ایسے غیر ملکی تارکین وطن جو غیر قانونی طور پر رہ رہے ہیں انکے لئے عام معافی کا اعلان کیا گیا ہے جس کی مدت 90روز تھی جس میں اب 37دن باقی رہ گئے ہیں۔ اس مہلت سے عمرہ ویزہ، حج، وزٹ یا ٹرانزٹ ویزے پر آکر غیر قانونی طور پر رہنے والے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔ مہلت سے ان لوگوںکو بھی فائدہ ہوگا جن کے ہروب لگے ہوئے ہیں یا وہ کارکن جن کے اقامے ہی جاری نہیں ہوئے۔ ایسے افراد اپنے شہروں کے ڈیپوٹیشن سینٹر براہ راست جاکر فائنل ایگزٹ اسٹمپ کروا سکتے ہیں۔غیر قانونی تارکین وطن کو موجودہ دی ہوئی مہلت کی خاص بات یہ ہے کہ اس دوران جانے والے غیر ملکی مملکت میں بلیک لسٹ شمار نہیں ہونگے۔ علاوہ ازیں ان پرکسی قسم کا جرمانہ یا سزا کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اس حوالے سے ترجمان جوازات کا کہناتھا کہ مملکت میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن اس مہلت سے جلد سے جلد فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ملکوں کو روانہ ہوجائیں تاکہ کسی قسم کی مشکلات میں مبتلا نہ ہوں۔شلہوب نے اس بات کی تاکید کی کہ مہلت سے استفادہ کرتے ہوئے فائنل ایگزٹ اسٹمپ کروانے کے بعد بلا کسی ضرورت مملکت میں قیام نہ کریں۔ گرفتاری کی صورت میں وہ دی گئی تمام مراعات سے محروم ہوجائیں گے اور ان پر جرمانے اور دیگر سزاﺅں کا نفاذ ہوگا۔