عام طور پر بہت سے لوگوں کو ایسا لگتا ہے کہ ٹی وی سکرین پر نظر آنے والے فنکاروں کی حقیقی زندگی بھی کسی ڈرامہ یا فلم کے سیٹ جیسی رنگین، پُرسکون اور پریشانیوں کے بغیر ہوتی ہے لیکن ایسا ہرگز نہیں ہوتا۔
فنکاروں کو بھی ویسے مسائل درپیش ہوتے ہیں جو کسی عام شخص کو ہوتے ہیں ہاں البتہ اس کی نوعیت مختلف ہوسکتی ہے۔
جیسا کہ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ کومل عزیز نے انکشاف کیا کہ اداکاری میں قدم رکھنے کے بعد انہیں اپنا کاروبار کرنے میں مشکلات درپیش تھیں اور انہیں 18 گھنٹے تک کام کرنا پڑتا تھا، جس کی وجہ سے وہ ڈپریشن کا شکار بھی ہوگئیں اور ایک طرح سے ان کے رشتہ داروں اور دوستوں کے ساتھ تعلقات اور رشتہ داری بھی خراب ہونے لگے۔
مزید پڑھیں
-
اپنی بیٹی سے کہا ہے کہ پہلے مضبوط بننا پھر شادی کرنی ہے: فضا علیNode ID: 764351
-
سُپر پنجابی جس میں ’انڈین پنجابی فلم کی جھلک ملے گی‘Node ID: 764931
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’یہ حقیقت ہے کہ جیسے جیسے اداکاراؤں کی عمر بڑھتی جاتی ہے، ویسے ویسے وہ ڈپریشن اور سٹریس کا شکار بنتی جاتی ہیں۔‘
ڈپریشن کسی کو بھی ہوسکتا ہے جس کی علامات ایسی ہیں کہ اگر آپ کا روزمرہ کے کاموں میں دل نہیں لگتا، آپ بہت اداس، مایوس یا بیزار رہتے ہیں یا گھبراہٹ، بے چینی اور بے بسی کا شکار رہتے ہیں تو شاید آپ بھی ڈپریشن کا شکار ہیں۔
گزشتہ دنوں اداکارہ نادیہ خان نے اعتراف کیا کہ پہلے بچے کی پیدائش کے بعد وہ ڈپریشن میں چلی گئی تھیں کیوںکہ ان کی خطرناک طریقے سے ڈیلیوری ہوئی تھی اور یہ کہ انہیں بہت ساری چیزیں سمجھ نہیں آرہی تھیں کہ کس کام کو کس طرح مکمل کریں۔
ان کے مطابق ان کی والدہ اس وقت تک زائد العمر اور علیل ہو چکی تھیں جب کہ ان کے والد بھی ضعیف تھے، جس وجہ سے انہیں کسی دوسرے قریبی شخص کی مدد اور رہنمائی بھی حاصل نہ رہی۔
ڈپریشن کے حوالے سے بہت سے فنکار ماضی میں بھی انکشاف کر چکے ہیں کہ وہ کبھی نہ کبھی ڈپریشن کا شکار رہے ہیں کیونکہ سوشل میڈیا ہو یا ٹی وی سکرین، جب لاکھوں مداحوں کی تعریف کسی فنکار کو خوشی دیتی ہے تو وہیں فنکاروں پر ہونے والی تنقید اور ٹرولنگ کے بھی ان کے ذہن پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
یہ ایک ایسا موضوع ہے جس پرآئے دن نہ صرف پاکستانی فنکار بلکہ ہالی وڈ اور بالی وڈ کے فنکار بھی گفتگو کرتے نظر آتے ہیں جیسا کہ حال ہی میں بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار نوازالدین صدیقی نے ڈپریشن پر بات کی تو انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
نوازالدین صدیقی کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ڈپریشن صرف ایک ’اربن ایشو‘ یعنی شہری مسئلہ ہے کیونکہ اُن کا گاؤں شہر سے صرف تین گھنٹے دور ہے اور اگر وہ اپنے گاؤں جا کر کہیں گے کہ مجھے ڈپریشن ہے تو اُنہیں ایک تھپڑ پڑے گا اور کہا جائے گا کہ یہ کچھ نہیں ہوتا، اچھی طرح کھانا کھاؤ اور جاؤ جا کر فصلوں میں کام کرو، سب ٹھیک ہو جائے گا۔
نوازالدین صدیقی کے اس تبصرے پر نہ صرف سوشل میڈیا صارفین نے اختلاف کیا بلکہ ساتھی اداکار گلشن دیویا نے بھی ٹوئٹر پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے اس بیان کی نفی کی۔
![](/sites/default/files/pictures/May/36481/2023/khwml.png)
ایک فلم کے ساتھ دو فری
عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے موقع پر ہر فلم بین کو کسی اچھی فلم کا انتظار رہتا ہے جیسا کہ رواں برس عید الفطر پر ’منی بیک گارنٹی‘، ’ہوئے تم اجنبی‘ اور ’دادال‘ سمیت مزید دو فلمیں ریلیز کی گئیں تھیں اسی طرح عیدالااضحی پر بھی اب کی تک کی اطلاعات کے مطابق پانچ فلمیں ریلیز ہونے جارہی ہیں۔
ان فلموں میں ایک فلم ایسی لگتی ہے جو شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی کیونکہ اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ فلم کو ایک ساتھ تین حصوں میں پیش کیا جائے گا۔
یعنی تین مخلتف کہانیاں، مختلف کردار اور مختلف مناظر دیکھنے کو ملیں گے، ’ایک فلم کے ساتھ دو فری‘ دراصل یہ ایک ویب سیریز کے طرز کی بنائی جانے والی فلم ہے جس کا ٹائٹل ’تیری میری کہانیاں‘ رکھا گیا ہے۔
فلم کے پہلے حصے میں مہوش حیات اور وہاج علی ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ وہاج علی بڑے پردے پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
فلم کے دوسرے حصے میں شہریار منور اور رمشا خان، زاہد احمد اور آمنہ الیاس ایک ساتھ نظر آئیں گے جبکہ تیسرے حصے میں حرا مانی اور ان کے شوہر سلمان ثاقب خان (مانی) ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
فلم کی بات ہو رہی ہے تو یہاں یہ بھی بتائیں کہ رواں ہفتے ایک خبر سامنے آئی کہ امریکی پبلشر مارول کامکس نے آئندہ شائع ہونے والی سیریز سے مسلمان سپر ہیرو کمالہ خان کا کردار ختم کر دیا ہے۔
اس کردار نے پہلی بار 2014 میں کیپٹن مارول کے نام سے عالمی طور پر اپنے مداحوں میں شہرت حاصل کی تھی تب سے مس مارول ایک برانڈ بن گئی تھی۔
![](/sites/default/files/pictures/May/36481/2023/wahaj.png)
پاکستان فیشن میوزیم کا اعلان
رواں ہفتے پاکستان کے تین معروف فیشن ایکسپرٹ نے موسم سرما / بہار میں پاکستان کے پہلے فیشن میوزیم کےآغاز کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
یہ میوزیم اپنی نوعیت کا پہلا میوزیم ہو گا جسے موسم سرما / بہار میں 2024-2023 میں پاکستان میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کے مقام پر شروع کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ایک نمائش اور فیشن گالا بھی منعقد کیا جائے گا۔
یہ اعلان پاکستانی فیشن انڈسٹری سے وابستہ فریحہ الطاف، سٹائلسٹ نبیلہ اور فیشن ایڈیٹر اور جرنلسٹ فیفی ہارون کی جانب سے کیا گیا جن کا مقصد ورثے کو محفوظ کرنا ہے۔
فیشن ماڈلنگ کی حوالے سے آج کل اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان کے بھی بڑے چرچے ہو رہے ہیں، اپنے شوہر سے طلاق کے بعد علیزے نے فیشن ماڈلنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی جس میں انہوں نے ایک مقامی برانڈ کے لیے ماڈلنگ کرتے ہوئے ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر اپلوڈ کی۔
فیشن انڈسٹری میں پیش رفت صرف پاکستان میں نہیں ہوئی بلکہ ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی نے بھی اپنے فیشن برانڈ ’ایٹیلیئر جولی‘ کو لانچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں کیونکہ ماضی میں بھی پاکستان سمیت دنیا بھر کے کئی فنکاروں اداکاری کے ساتھ ساتھ فیشن کی دنیا میں اپنا کاروبار شروع کر چکے ہیں جس کی تازہ مثال بالی وڈ کے کنگ خان کی ہے جن کے بیٹے آریان خان نے ایک فیشن برانڈ متعارف کروایا ہے۔
![](/sites/default/files/pictures/May/36481/2023/15.png)