روس میں پہلی بار واٹس ایپ پر 30 لاکھ روبل جرمانہ عائد
روس میں پہلی بار واٹس ایپ پر 30 لاکھ روبل جرمانہ عائد
جمعرات 1 جون 2023 17:08
جرمانہ ممنوعہ ادویہ کی معلومات ہٹانے سے انکار پر لگایا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
روس کی ایک عدالت نے جمعرات کو میسنجر سروس واٹس ایپ پر ممنوعہ مواد کو حذف نہ کرنے پر30 لاکھ روبل (37080 ڈالر) جرمانہ عائد کر دیا ہے، روس میں اس جرم کے لیے یہ پہلا جرمانہ ہے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق گزشتہ سال روس میں واٹس ایپ سروس کی پیرنٹ کمپنی Meta Platforms Inc پر ایک 'انتہا پسند' تنظیم کے طور پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
واٹس ایپ میسنجر ایپ کو جو روس میں بڑے پیمانے پر مقبول ہے ممنوعہ معلومات کو ہٹائے جانے میں ناکامی پر اس سے قبل جرمانے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ میٹا سروسز میں شامل دیگر ایپس فیس بک اور انسٹاگرام پر روس میں پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ کو اس سے قبل روسی ڈیٹا قانون کی تعمیل کرنے اور روسی صارفین کا ڈیٹا ملک میں سرورز پر ذخیرہ کرنے سے مبینہ انکار پر جرمانہ کیا جا چکا ہے۔
روس کے خبر رساں ادارے آر آئی اے نیوز ایجنسی نے جمعرات کو اطلاع دی ہے کہ یہ جرمانہ واٹس ایپ کی جانب سے ممنوعہ ادویہ کے بارے میں معلومات ہٹانے سے انکار کی وجہ سے لگایا گیا ہے ان ادویہ کی فروخت اور تیاری روس میں ممنوع ہے۔
دوسری جانب میٹا کی جانب سے واٹس ایپ پر جرمانے کی خبر پر فوری طور پر کسی قسم کے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا گیا۔
ماسکو کا انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اس بڑی کمپنی کے ساتھ سنسرشپ اور مقامی نمائندوں کا ڈیٹا ٹرانسفر پر برسوں سے جھگڑا رہا ہے جو کہ 24 فروری 2022 کو روس کی جانب سے مسلح افواج یوکرین بھیجے جانے سے تنازع میں اضافہ ہوا ہے۔