’ڈالر کی اونچی اڑان کم ضرور ہوئی لیکن کمی صرف اوپن مارکیٹ میں‘
’ڈالر کی اونچی اڑان کم ضرور ہوئی لیکن کمی صرف اوپن مارکیٹ میں‘
جمعہ 2 جون 2023 14:03
زین علی -اردو نیوز، کراچی
اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 300 روپے 15 پیسے پر رہی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں رواں ہفتے ملکی کرنسی کے لیے مثبت ثابت ہوا، آئی ایف ایم کی ہدایت کے بعد مرکزی بینک کے فیصلے نے انٹر بینک مارکیٹ اور اوپن میں ڈالر کی قیمت میں فرق کو کم کردیا۔
رواں ہفتے دوران ٹریڈنگ اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 314 روپے سے کم ہوکر 299 روپے کی سطح تک ریکارڈ کی گئی۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں ریکارڈ بہتری دیکھنے میں آئی ہے، یہ عالمی مالیاتی ادارے کی سفارش پر اٹھایا قدم ہے، قیمت کم ضرور ہوئی ہے لیکن مارکیٹ میں ڈالر کی دستیابی اب بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے رواں ہفتے کے آغاز پر انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں خاطر خواہ اضافہ یا کمی رپورٹ نہیں ہوئی تھی۔ البتہ بدھ کی شام مرکزی بینک کے اعلامیہ کے بعد جمعرات کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں تیزی سے کمی دیکھی گئی ہے۔ جمعرات کو دوران ٹریڈنگ ایک امریکی ڈالر اوپن مارکیٹ میں کئی روز بعد 300 روپے کی حد سے نیچے دیکھا گیا ہے۔
جمعے کو کاروبار کے پہلے حصے میں اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 300 روپے 15 پیسے پر رہی۔
ایکسچینج کمپنیز آف پاکستان کے سیکریٹری ظفر پراچہ نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی بینک کی جانب سے کریڈٹ کارڈ کی ادائیگی میں انٹر بینک مارکیٹ کے ریٹ پر ادائیگی کے ساتھ ساتھ انٹربینک سے ڈالر کی خریداری کے فیصلے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت مارکیٹ کی صورتحال یہ ہے کہ ڈالر کے خریدار تو موجود ہیں لیکن بیچنے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے مسلسل صورتحال میں بہتری کے بیانات سامنے آرہے ہیں لیکن صورتحال اب بھی سب کے سامنے ہے، دوست ممالک سے تعاون ضرور ہوا ہے لیکن عالمی مالیاتی ادارے کی تمام شرائط پوری کرنے کے باوجود ابھی تک پاکستان کو قسط نہیں مل سکی ہے۔
معاشی امور کے ماہر عبدالعظیم کا کہنا ہے کہ یہ ہفتہ اوپن میں مارکیٹ میں پاکستان کے لیے کم سے کم اچھا رہا ہے۔ ڈالر کی اونچی اڑان کم ضرور ہوئی ہے لیکن صرف اوپن مارکیٹ میں ہی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ پرانے دام پر ہی برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں ریٹ کم ہوئے ہیں لیکن ڈالر فروخت کرنے والے مارکیٹ میں بہت کم ہیں۔