Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرویز الٰہی دو مقدمات میں بری ہونے کے بعد ایک بار پھر گرفتار

محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن کے حکام کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کو پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔
محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے جعلی بھرتی کیس میں سیکریٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین کو بھی گرفتار کیا۔
ترجمان محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔
’چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی میں گریڈ 17 کی 12 غیر قانونی بھرتیاں کیں، پنجاب اسمبلی میں فیل شدہ اُمیدواروں کو ریکارڈ میں ردوبدل کر کے بھرتی کرلیا گیا۔‘
پرویز الٰہی کی سنیچر کے روز دوبارہ گرفتاری کو ان کے بیٹے مونس الٰہی نے انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’پہلے کرپشن کرپشن کی رٹ لگائی ہوئی تھی۔ لاہور کے ایک کیس اور گوجرانوالہ کے دونوں کیسوں میں چوہدری پرویز الٰہی بری ہو گئے۔‘
’اب انہیں پنجاب اسمبلی کی بھرتیوں کے بھونڈے کیس میں گرفتار کر لیا گیا۔ چوہدری پرویز الٰہی عدلیہ سے سرخرو ہو رہے ہیں۔ صرف انتقامی ایجنڈے کے تحت مقدمات درج ہو رہے ہیں۔‘
قبل ازیں سنیچر کے روز پرویز الٰہی کو گوجرانوالہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ان کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
اینٹی کرپشن کی تفتیشی ٹیم نے پی ٹی آئی کے صدر کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
عدالت میں پیشی کے وقت پرویز الٰہی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سب سے خراب تھانے میں رکھا گیا اور ادویات بھی نہیں دی گئیں۔
پرویز الٰہی کے سابق مشیر اور وکیل عامر سعید نے بتایا کہ پرویز الٰہی کو تھانہ سول لائن کی حوالات میں رکھا ہوا ہے جہاں چور ڈکیٹ بھی حوالات میں بند ہیں۔‘
اس سے قبل پرویز الٰہی کی پہلی گرفتاری میں جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے انہیں مقدمے سے بری کر دیا تھا تاہم ان کی بریت کے فیصلے کے فوری بعد انہیں محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے گوجرانوالہ میں درج مقدمات میں دوبارہ گرفتار کر لیا۔
عامر سعید کے مطابق پرویز الٰہی کے خلاف گوجرانوالہ میں دو مقدمات درج ہیں۔
انہوں نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف کُل پانچ مقدمات درج ہیں۔ لاہور میں پرویز الٰہی اور ان کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کے خلاف دو مقدمات درج ہیں۔
’محمد خان بھٹی پر الزام ہے کہ انہوں نے کسی سے پیسے لیے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی مقدمے میں محمد خان بھٹی کا نام نکال دیا گیا ہے۔‘
انہوں نے گوجرانوالہ میں درج مقدمات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں درج دو مقدمات گجرات کی سڑکوں کے ٹھیکے کے حوالے سے ہیں۔
اردو نیوز کو دستیاب ایف آئی آر کے مطابق ’گوجرانوالہ میں درج مقدمہ نمبر 6/23 میں چوہدری پرویز الٰہی پر پل بنیاں سے چھتاں والا تک 10 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی سڑک کا ٹھیکہ دینے کے عوض 50 لاکھ روپے رشوت لینے کا الزام ہے.
دوسرا مقدمہ نمبر 7/23 ہے جس میں ان پر الزام ہے کہ گجرات پرانا جی ٹی روڈ سے لکھن وال تک نو یا 10 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑک کا ٹھیکہ دینے کے عوض دو ارب روپے رشوت لی گئی ہے۔

پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے ہیں (فائل فوٹو: پرویز الٰہی فیس بک)

انہوں نے گوجرانوالہ میں درج مقدمات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں درج دو مقدمات گجرات کی سڑکوں کے ٹھیکے کے حوالے سے ہیں۔
اردو نیوز کو دستیاب ایف آئی آر کے مطابق ’گوجرانوالہ میں درج مقدمہ نمبر 6/23 میں چوہدری پرویز الٰہی پر پل بنیاں سے چھتاں والا تک 10 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی سڑک کا ٹھیکہ دینے کے عوض 50 لاکھ روپے رشوت لینے کا الزام ہے۔
دوسرا مقدمہ نمبر 7/23 ہے جس میں ان پر الزام ہے کہ گجرات پرانا جی ٹی روڈ سے لکھن وال تک نو یا 10 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑک کا ٹھیکہ دینے کے عوض دو ارب روپے رشوت لی گئی ہے۔
تاہم سابق وزیراعلٰی پنجاب کے وکیل ایڈووکیٹ عامر سعید کے مطابق گوجرانوالہ میں درج مقدمات میں دیگر نامزد دو ملزمان سہیل اصغر اور محمد خان بھٹی ڈسچارج ہو چکے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس مقدمے میں پرویز الٰہی کو بھی ڈسچارج کر دیا جائے گا۔

’نگران وزیراعلٰی محسن نقوی کو بھی اس مقدمے میں نامزد کرنا چاہیے‘

 مقدمہ نمبر 7/23 کے متعلق عامر سعید کا کہنا تھا کہ ’اس مقدمے کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ پرویز الٰہی پر الزام ہے کہ انہوں نے کام ختم ہونے سے قبل ہی اس کے فنڈز جاری کر دیے۔ اب یہ فنڈز 23 جنوری 2023 کو جاری ہوئے ہیں جبکہ پرویز الٰہی 10 جنوری کو ہی جا چکے تھے، وہ اس وقت وزیراعلٰی نہیں تھے۔‘

ایڈووکیٹ عامر سعید کے مطابق لاہور میں پرویز الٰہی اور ان کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کے خلاف دو مقدمات درج ہیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

ایڈووکیٹ عامر سعید کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کے بعد محسن نقوی وزیراعلٰی بنے اور یہ رقم ان کے دور میں جاری ہوئی ہے، اس لیے موجودہ نگران وزیراعلٰی محسن نقوی کو بھی اس مقدمے میں نامزد کرنا چاہیے۔
اردو نیوز نے پانچویں مقدمے کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ اگر پرویز الٰہی کو ان دو مقدمات میں ڈسچارج کر دیا جاتا ہے تو کیا انہیں آخری مقدمے میں گرفتار کیا جا سکتا ہے؟ اس پر ان کا کہنا تھا کہ آخری مقدمہ دہشت گردی کے دفعات کے تحت درج ہوا ہے۔
’دہشت گردی کے اس مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر پولیس ریڈ کے دوران گھر کے اندر سے پتھراؤ ہوا، جس کی بنیاد پر ان کے خلاف دہشت گردی کا  مقدمہ درج کر لیا گیا۔‘
پرویز الٰہی کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان مقدمات کے علاوہ کوئی اور مقدمہ ان کے موکل کے خلاف نہیں ہے کیونکہ انہوں نے ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر رکھی ہے جس کے جواب میں اینٹی کرپشن کی جانب سے پانچ مقدمات کا ذکر کیا گیا ہے۔ اگر ان کے علاوہ  کوئی مقدمہ ہوتا تو پٹیشن کے جواب میں اس کا ذکر ضرور کیا جاتا۔ 
عامر سعید نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ اگر گوجرانوالہ کے مقدمات میں چوہدری پرویز الٰہی کو ڈسچارج کر دیا جاتا ہے تو ممکنہ صورت میں انہیں دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
پی ٹی آئی چھوڑنے کے دباؤ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’ہر روز جن کو پکڑتے ہیں انہیں کہا جاتا ہے کہ آپ پریس کانفرنس کریں۔ پرویز الٰہی پر جتنے بھی مقدمے ہوئے ہیں وہ اسی لیے تو ہوئے ہیں کہ ان پر دباؤ ڈالا جائے۔ مونس الٰہی اور پرویز الٰہی نے بیان دیا ہے کہ ہم عمران خان کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے ہیں، اس کا خمیازہ تو بھگتنا پڑے گا۔‘

شیئر: