اگر آپ اوورسیز پاکستانی ہیں اور آپ نے اسلام آباد سے اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوایا تھا لیکن طویل عرصے سے پاکستان نہ آنے کی وجہ سے اس کی میعاد ختم ہو چکی ہے تو اب آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ دنیا کے کسی بھی ملک میں بیٹھ کر اپنا لائسنس آن لائن تجدید کروا سکتے ہیں۔
اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس نے ایک ویب پورٹل قائم کیا ہے جس کے ذریعے اوورسیز پاکستانی اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں اور پندرہ دنوں کے اندر نیا لائسنس جاری کر دیا جائے گا۔
اگر کسی پاکستانی کے لائسنس کو ایکسپائر ہوئے 30 دن سے تین سال گزر چکے ہیں تو وہ تجدید کے لیے اپلائی کر سکتا ہے لیکن اس کے لیے کچھ شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
مزید پڑھیں
جیسے ایک سال سے زائد کی تاخیر پر جرمانہ ادا کرنا ہوگا جبکہ تین سال کا عرصہ گزر جانے پر جس ملک میں مقیم ہیں وہاں سے حاصل کیے گئے ڈرائیونگ لائسنس کی کاپی اپلائی کرتے وقت اپ لوڈ کرنا ہوگی۔
کون کون سی دستاویزت کی ضرورت ہے؟
اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے لائسنس کی تجدید سے پہلے کچھ ضروری دستاویزات تیار کرنا ہوں گی جن میں پاسپورٹ سائز تصویر جس کا بیک گراونڈ سفید ہو، میڈیکل سرٹیفکیٹ جس کے لیے فارم بی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا ہے اسے مجاز ڈاکٹر سے تصدیق کروانا ہوگا۔
اس میڈیکل سرٹیفکیٹ میں ڈاکٹر تصدیق کرے گا کہ آپ کسی ایسی بیماری کا شکار نہیں ہیں جس سے ڈرائینگ کے دوران آپ خود یا کسی دوسرے کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کیا گیا پرانا ڈیجیٹل لائسنس بھی آپ کے پاس ہونا ضروری ہے۔ نادرا سے بائیو میٹرک ویری فکیشن کی تصویر، فیس جمع کرانے کی رسید، پاکستان میں لائسنس وصول کرنے والے کے لیے اتھارٹی لیٹر جس کی میزبان ملک کے روٹری سے تصدیق لازمی ہے۔
