سعودی عرب اور عمان سیاحت کے فروغ کےلیے مشترکہ اقدامات کریں گے
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے اپنے عمانی ہم منصب سے ملاقات کی ہے( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب اور عمان کے درمیان متفقہ سیاحتی ویزا متعارف کروانا ان متعدد انیشیٹوز میں سے ایک تھا جس پر دونوں ممالک کے حکام کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطح کی میٹنگ میں اتفاق کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے اپنے عمانی ہم منصب سالم المحروقی سے ملاقات کے دوران مشترکہ سیاحتی کیلنڈر اور دونوں ممالک کے درمیان موسمی دوروں کی سہولت پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرانے سیاحت سے متعلق منصوبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ صنعت میں حصہ لینے والے کاروباری افراد کی مدد کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مزید برآں، دونوں پارٹیوں نے کیمپنگ اور ایڈونچر ٹورازم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مشترکہ سیاحتی پروگراموں کو نافذ کرنے کا معاہدہ کیا۔
سعودی وزیر احمد الخطیب نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا ’ میرے بھائی، عمانی وزیر ثقافت اور سیاحت، سالم المحروقی کی دعوت پر، میں نے برادر سلطنت عمان کا دورہ کیا اور ہم نے مشترکہ تعاون کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے نیشنل میوزیم کا بھی دورہ کیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مشترکہ سیاحتی اقدامات اور پروگراموں کا ایک پیکج شروع کیا‘۔
ان انیشیٹوز میں خلیجی سیاحت کی حکمت عملی کے تحت سیاحت کے شعبے میں تربیت اور انسانی سرمائے کی ترقی شامل ہے جس پر گزشتہ نومبر میں خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے رہنماؤں نے تبادلہ خیال کیا تھا۔
پروموشن، مارکیٹنگ، ٹورازم ایکٹیویشن، ریگولیشنز، ہوائی رابطوں اور موسمی پروازوں پر مشتمل معاہدے بھی تھے۔