Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات اور عمان کان کنی کے شعبے میں ریل نیٹ ورک استعمال کریں گے

عمان اور اتحاد ریل کمپنی نے برازیل کی فرم کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ ( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات اور عمان نے کان کنی کے شعبے میں ریل پروجیکٹ کو استعمال کرنے کے لیے دنیا کی سب سے بڑی کان کنی فرموں میں سے ایک ویل کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ مفاہمت نامہ عمان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ریل کے ذریعے خام لوہے کی نقل و حمل کے استعمال کو تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے جو سہر پورٹ اور فری زون میں ویل کے صنعتی کمپلیکس کو متحدہ عرب امارات میں اس کے صنعتی کمپلیکس سے جوڑتا ہے۔
مفاہمت نامے  پر عمان اور اتحاد ریل کمپنی کے سی ای او احمد المساوی الہاشمی اور ویل میں بزنس ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر روجیریو نوگیرا نے دستخط کیے۔
احمد المساوی الہاشمی نے کہا کہ ’ ایم او یو متحدہ عرب امارات عمان ریلوے نیٹ ورک کو استعمال کرنے، اس کی تیز رفتار، پائیدار، قابل بھروسہ اور سستی خدمات سے فائدہ اٹھانے میں صارفین کی دلچسپی کو اجاگر کرتا ہے‘۔
دستخط کی تقریب میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے وزیر، عمان اور اتحاد ریل کمپنی کے چیئرمین سہیل بن محمد المزروعی اور متحدہ عرب امارات میں برازیل کی سفیر نے شرکت کی۔
سہیل المزروعی نے ایک بیان میں کہا کہ ’ یہ معاہدہ متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کی بڑی کمپنیوں کے ساتھ کام جاری رکھنے اور سٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کی ہماری خواہش کے مطابق ہے جو دونوں ممالک میں اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری میں مدد فراہم کرے گا‘۔
ایم او یو پر تبصرہ کرتے ہوئے ویل میں بزنس ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر روجیریو نوگیرا نے کہا کہ ’ یہ معاہدہ سٹیل میکنگ کی صنعت کے لیے کم کاربن کی مصنوعات تیار کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات اور عمان میں صنعتی کمپلیکس تیار کرنے کے ویلے کے منصوبوں کی سپورٹ کرتا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ ویل کی عمان اور اتحاد ریل کمپنی کے ساتھ شراکت داری علاقائی لاجسٹکس کے شعبے کی ترقی کو تقویت دیتی ہے جو مختلف اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو قابل بناتا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور اعلیٰ معیار کے ٹرانسپورٹ حل فراہم کرنے سمیت کئی فوائد فراہم کرتا ہے‘۔
ویل جس کا صدر دفتر برازیل میں ہے، دنیا کی سب سے بڑی کان کنی کمپنیوں میں سے ایک ہے جو پانچ براعظموں میں کام کرتی ہے۔

شیئر: