سعودی عرب ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کونسل کے لیے منتخب
سعودی عرب ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کونسل کے لیے منتخب
جمعرات 8 جون 2023 14:31
وزیر سیاحت احمد بن عقیل الخطیب نے اجلاس میں مملکت کے وفد کی قیادت کی۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کو مشرق وسطیٰ کے خطے کے لیے 2023 سے 2027 تک اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق 'مستقبل کے لیے سیاحت کی ری ڈیزائننگ' کی ٹیم میں انچارج رکن کے طور پر مملکت کا انتخاب ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کی ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کے 2021 میں ہونے والی24 ویں جنرل اسمبلی کے دوران یہ ٹیم سعودی عرب کی جانب سے متعارف کرائے گئے اقدام کے تحت تشکیل دی گئی تھی۔
اس ٹیم کا مقصد عالمی سیاحت کے شعبے میں اقوام متحدہ کی ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی طرف سے ادا کیے گئے کردار کو مزید وسعت دینا ہے۔
حالیہ انتخاب 7 سے 9 جون 2023 کو اردن کی میزبانی میں اقوام متحدہ کی ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کے علاقائی کمیشن برائے مشرق وسطیٰ کے 49 ویں اجلاس کے دوران منعقد ہوا۔
سعودی وزیر سیاحت احمد بن عقیل الخطیب نے اس اجلاس میں مملکت کے وفد کی قیادت کی ۔