Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ کی بارود ساز فیکٹری میں دھماکہ، 5 کارکن ہلاک

زوردار دھماکے سے قریبی علاقوں میں دکانوں اور مکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ فوٹو اے پی
ترکیہ میں ہفتے کے روز راکٹ اور دھماکہ خیز مواد بنانے والی ایک فیکٹری میں ہونے والے دھماکے کے باعث عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوجانے کے باعث کم ازکم پانچ کارکن ہلاک ہو گئے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کےمطابق ترکیہ کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ دارالحکومت انقرہ کے مضافات میں واقع سرکاری مکینیکل اینڈ کیمیکل انڈسٹری کارپوریشن کے کمپاؤنڈ میں صبح 8:45 کے قریب ہوا۔
حادثے کے فوری بعد کئی ایمبولینسیں اور آگ بجھانے والی گاڑیاں فیکٹری کی جانب روانہ ہوتے ہوئے دیکھی گئی ہیں۔
دھماکے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات اداروں کی جانب سے کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترکیہ کے این ٹی وی نے رپورٹ کیا ہے کہ زوردار دھماکے کے باعث آس پاس کے علاقوں میں دکانوں اور مکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔
ٹی وی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دھماکے کی خبر کے بعد فیکٹری ورکرز کے خاندان کے افراد اپنے پیاروں کے بارے میں جاننے کے لیے فیکٹری کمپاؤنڈ  کے قریب جمع ہیں۔

شیئر: