Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض ایئر کا طیارہ پیر کو دارالحکومت کی فضاؤں میں پرواز کرے گا

 ریاض ایئر کی  باقاعدہ پروازیں 2025 کے آغاز میں شروع ہوں گی (فوٹو: ٹوئٹر ریاض ائیر)
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ’ریاض ایئر‘ پیر12 جون کو سعودی دارالحکومت میں اپنے منفرد ڈیزائن کے طیارے کی نمائش کرے گی۔ 
الاقتصادیہ کے مطابق ریاض ایئر نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ریاض ایئر کا طیارہ دارالحکومت کے آسمان پر نچلی پرواز کرے گا۔
بیان میں شہریوں اور مقیمین سے کہا گیا کہ وہ سعودی عرب کے اس تاریخی لمحے کو یادگار بنانے کے لیے اس کا مشاہدہ کریں۔  
اس سے قبل  ریاض ایئر نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر بوئنگ 787 طیارے  کے نئے ڈیزائن کی تصاویر شیئر کی تھیں۔
’ریاض ایئر کے طیارے منفرد ڈیزائن، جامنی رنگ اور نئے انداز سے متعارف کرائے گئے ہیں جو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید جمالیاتی ذوق کا بہترین امتزاج ہے۔
طیارے کے ڈیزائن میں استعمال کیے جانے والا جامنی رنگ سعودی صحرا کے لیوینڈر پلانٹ کی نمائندگی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض ایئر کمپنی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی جانب سے قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 
 ریاض ایئر کی  باقاعدہ پروازیں 2025 کے آغاز میں شروع ہوں گی جبکہ 2030 تک سو سے زیادہ ایئرپورٹس کے لیے سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔
توقع کی جارہی ہے کہ  تیل کے ماسوا ذرائع سے سعودی عرب کی مجموعی قومی پیداوار میں 75 ارب ریال تک کا اضافہ ہوگا۔ اس سے بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگار کے دو لاکھ  سے زیادہ مواقع حاصل ہوں گے۔ 

شیئر: