روٹ ٹو مکہ کے تحت عازمین حج کے لیے صحت آگہی پروگرام
اٹھارہ ہزار عازمین حج مدینہ منورہ میں طبی امداد حاصل کرچکے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں روٹ ٹو مکہ انشیٹو کے تحت عازمین حج کو صحت آگہی بھی فراہم کی جارہی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق روٹ ٹو مکہ انشیٹو سے وابستہ صحت ادارے عازمین حج کو دواؤں سے متعلق معلومات فراہم کررہے ہیں۔
عازمین حج کو ہدایت کی جارہی ہے کہ طیارے پر سوار ہوتے وقت دوائیں بریف کیس میں رکھیں ایک جگہ سے دوسری جگہ آتے جاتے وقت بھی اس کا اہتمام کریں۔
عازمین سے کہا جا رہا ہے کہ مناسک حج ادائیگی کے دوران بھی دوائیں ساتھ رکھنے کا خیال رکھیں۔
روٹ ٹو مکہ انشیٹو کے تحت متعلقہ ممالک کے ایئرپورٹس پر معمرعازمین حج کو ویل چیئرز فراہم کی جارہی ہیں۔
یاد رہے کہ روٹ ٹو مکہ سعودی وزارت داخلہ کے ان اہم پروگراموں میں سے ایک ہے جو عازمین حج کی سہولت کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
اس کا مقصد یہ ہے کہ عازمین حج کے امیگریشن امور ان اپنے ملک میں مکمل کیے جائیں۔ ان میں ای ویزا ، فنگر پرنٹ، امیگریشن، کسٹم، لگیج کی کوڈنگ اور صحت پابندیوں کی توثیق شامل ہے۔
علاوہ ازیں ایس پی اے نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ ’اب تک اٹھارہ ہزار سے زیادہ عازمین حج مدینہ منورہ میں طبی امداد حاصل کرچکے ہیں‘۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’مختلف ملکوں کے 16 ہزار101 عازمین نے مسجد نبوی کے قریب صحت مراکز میں جبکہ دو ہزار 188 کو مقامی ہسپتالوں میں طبی خدمات فراہم کی گئی ہیں‘۔
ان طبی خدمات میں ڈائیلاسز، ہارٹ سرجری، اینڈوسکوپی شامل ہیں۔