گیس سلینڈر کی قیمت میں اضافہ، مزید شعبوں میں سعودائزیشن سمیت گذشتہ ہفتے سعودی عرب میں پڑھی جانے والی خبریں
گیس سلینڈر کی قیمت میں اضافہ، مزید شعبوں میں سعودائزیشن سمیت گذشتہ ہفتے سعودی عرب میں پڑھی جانے والی خبریں
اتوار 18 جون 2023 0:00
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
گذشتہ ہفتے سعودی عرب میں گیس سلینڈر کی قیمت میں اضافے، ریفریجریٹر سر پر رکھ کر لے جانے والے پاکستانی شہری، جدہ میں دوست کے قتل کے جرم میں سزا پانے والے سعودی شہری اور سعودی عرب پیدل جانے والے پاکستانی شہری سے متعلق خبریں قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
سعودی عرب میں گیس سیلنڈر ری فلنگ کی قیمت میں اضافہ
سعودی عرب کی نیشنل گیس اینڈ انڈسٹریلائزیشن کمپنی ’غازکو‘ نے گیس سیلنڈر ری فلنگ کی نئی قیمت کا اعلان کیا ہے۔
الاقتصادیہ اور اخبار24 کے مطابق کمپنی کی ویب سائٹ پر’ گیس سیلنڈر ری فلنگ کی نئی قیمت کا اطلاق اتوار11 جون 2023 سے کردیا گیا ہے‘۔
گیس کمپنی نے بیان میں کہا کہ’ گیس سیلنڈر ری فلنگ کی نئی قیمت 19.85 ریال ہوگی جس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل ہے تاہم ڈسٹری بیوشن سینٹروں سے سیلز آوٹ لیسٹں تک ٹرانسپورٹ کی لاگت شامل نہیں‘۔
سوشل میڈیا صارفین پاکستانی مزدور کی جسمانی طاقت پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ (فوٹو: امرصد)
ریفریجریٹر سر پر رکھ کر لے جانے والے پاکستانی کی وڈیو وائرل
ایک پاکستانی مزدور کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جوریفریجریٹر سر پر رکھ کر ویئر ہاؤس لے جارہا ہے۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا صارفین اس مزدور کی جسمانی طاقت پر حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔
19 سیکنڈ کی اس وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ’پاکستانی مزدور اپنے ساتھی کی مدد سے ٹرک سے بڑے سائز کا ریفریجریٹر اپنے سر پر لاد کر اس انداز سے چل رہا ہے کہ گویا وہ کوئی معمولی سی چیز اٹھائے ہوئے ہے‘۔
قاتل اور مقتول ایک ہی محلے میں رہائش پزیر تھے۔ (فائل فوٹو: العربیہ)
جدہ میں دوست کو زندہ جلانے والے سعودی کی سزائے موت پر عملدرآمد
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ ریجن کے حکام نے اپنے دوست کو کار میں جلا کر مارنے کے کیس میں ملوث سعودی شہری کی سزائے موت کے فیصلے پر عملدرآمد کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ’ سعودی شہری برکات بن جبریل بن برکات العاطفی الکنانی نے اپنے ہموطن بندر بن طہ بن محمد القرھدی اور اس کی گاڑی کو تیل چھڑک کر آگ لگا دی تھی‘۔
عثمان ارشد کے حج ویزے کے اجرا میں پاکستان حج مشن نے اہم کردارادا کیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب پیدل آنے والے پاکستانی طالبعلم کو حج کا ویزا مل گیا
پاکستانی شہر اوکاڑہ سے پیدل سعودی عرب پہنچنے والے طالعبلم عثمان ارشد کو حج کا ویزا مل گیا۔
پاکستانی وزارت مذہبی امور کے ٹوئٹر اکاونٹ کے مطابق عثمان ارشد سے سعودی عرب میں پاکستان کے ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
عبدالوہاب سومرو نے بتایا کہ’ عثمان ارشد کے حج ویزے کے اجرا میں پاکستان حج مشن نے اہم کردارادا کیا۔
اس فیصلے سے بارہ ہزار سے زیادہ سعودیوں کو ملازمت کے مواقع فراہم ہوں گے۔ (فوٹو: الاقتصادیہ)
کاروباری شعبوں کی ملازمتوں میں سعودائزیشن کا پہلا مرحلہ
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ ’ پیر 12 جون 2023 سے سات کاروباری سرگرمیوں میں سیلز پوائنٹس اور گاڑیوں کے سالانہ انسپیکشن ادارے کی ملازمتوں کی سعودائزیشن کا پہلا مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے دی گئی مہلت گزشتہ روز ختم ہوگئی۔
وزارت کا کہنا ہے کہ’ شہری دفاع کے آلات کی شاپس، لفٹ، ایسکیلیٹر، کنویرنگ بیلٹ کی شاپس، مصنوعی جڑی بوٹیوں اور سوئمنگ پول، واٹر فلٹر اور نیوی گیشن ڈیوائسز کے آؤٹ لیٹس میں 70 فیصد سعودائزیشن ہوگی‘۔