کیا کھجوروں کی رنگت لیزر شعاعوں سے تبدیل کی جا رہی ہے؟
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ کھجوروں کے رنگ میں تبدیلی کی متعدد وجوہات ہیں۔ ( فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں کھجوروں کی دیکھ بھال کے حوالے سے قائم قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’کھلتی رنگت والی کھجوروں کو کسی قسم کی لیزر شعاعوں سے نہیں گزارا جاتا۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق مرکز کے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کلپس میں کھجوروں کے لیزر ٹریٹمنٹ کے حوالے سے جو دعویٰ کیا جا رہا ہے وہ بے بنیاد ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’کھجوروں کے رنگ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جو بے بنیاد باتیں کی جا رہی ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں۔‘
’کھجوروں کے رنگ میں تبدیلی کی متعدد وجوہ ہیں جن میں سب سے اہم علاقے کی آب وہوا اور موسم ہوتا ہے جس سے کھجور کے رنگ میں فرق آتا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’ہر علاقے میں نمی کا تناسب جدا ہوتا ہے جبکہ درجہ حرارت اور مٹی کی ساخت بھی کھجور کی رنگت پر اثرا انداز ہوتی ہے۔‘
’جن علاقوں میں نمی اور گرمی زیادہ ہوتی ہے وہاں کی کھجوروں کا رنگ گہرا ہوتا ہے جبکہ وہ علاقے جہاں کی ہوا خشک اور مٹی چکنی نہ ہو وہاں کی کھجوروں کا رنگ کھلا ہوتا ہے۔‘
واضح رہے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کھلتی رنگت کی کھجوروں کو لیزر ٹریٹمنٹ کے ذریعے یہ رنگ دیا جاتا ہے۔
قومی مرکز کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کو چاہیے کہ وہ غیرمصدقہ باتوں پرتوجہ نہ دیں۔ درست معلومات مصدقہ ذرائع سے ہی حاصل کریں۔‘