Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ینبع پورٹ پر بحری جہازوں کو ایندھن کی فراہمی کےلیے پائلٹ پروجیکٹ

سعودی پورٹس اتھارٹی نے مربوط مرکز کےلیے معاہدے پر دستخط کردیے( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی پورٹس اتھارٹی نے ینبع انڈسٹریل پورٹ پر بحری جہازوں کو ایندھن فراہم کرنے کے ایک پائلٹ پروجیکٹ کے حصے کے طور پر دو بلین ریال سے زیادہ مالیت کا ایک مربوط مرکز قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس اہم منصوبے کی مجموعی ہولڈنگ گنجائش 2.5 ملین میٹرک ٹن تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اتھارٹی نے وزارت توانائی کے تعاون سے انٹرنیشنل اور ٹریفلگر کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے۔
یہ معاہدہ سعودی وزارت توانائی کی جانب سے بحری جہازوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں مملکت کے حصہ کو 10 ملین ٹن تک بڑھانے کی کوششوں سے ہم آہنگ ہے۔
یہ 2030 تک لاجسٹک زونز کی تعداد کو 30 تک بڑھانے کے اتھارٹی کے اہداف کے ساتھ بھی مطابقت رکھتا ہے، اس طرح عالمی لاجسٹک مرکز کے طور پر مملکت کی پوزیشن کو مستحکم کرنے میں معاون ہے۔
سعودی عرب میں سٹینڈرڈ چارٹرڈ کے سی ای او مازن البنیان نے کہا کہ ’ مملکت کے لاجسٹک انیشیٹوز مشرق وسطیٰ کو تجارتی اور اقتصادی خوشحالی کے ایک نئے دور کی طرف لے جانے میں مدد کر رہے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ مملکت اگلا عالمی لاجسٹک مرکز بننے کی خواہش رکھتی ہے اور اس نے اپنی معیشت کو مزید پائیدار اور اختراعی بنانے کا عہد کیا ہے‘۔
تین لاکھ 93 ہزار مربع میٹر کے رقبے کے ساتھ نئے مرکز کا مقصد دو مراحل میں پیٹرولیم مواد کو ذخیرہ کرنے، تجارت کرنے اور مکس کرنے کے لیے ٹینک قائم کرنا ہے۔
ہر مرحلے میں 1.2 ملین میٹرک ٹن صلاحیت کی سہولتیں تعمیر کی جائیں گی جو ایک لاکھ 96 ہزار مربع میٹر پر پھیلی ہوئی ہیں۔

موانی کے نائب صدر اور ٹریفلگر کے سی ای او خالد القحطانی نے دستخط کیے ہیں( فوٹو: ٹوئٹر)

ہر مرحلے پر 144 سٹوریج یونٹ بنائے جائیں گے جن میں ڈیزل ٹینک، بینزین ٹینک اور ہیوی فیول آئل ٹینک شامل ہیں۔
یہ سہولتیں جن میں سے ہر ایک کی سٹوریج گنجائش آٹھ ہزار 650  میٹرک ٹن ہے کا مقصد قومی پیٹرولیم انڈسٹری کو مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کی، سستی سروس فراہم کرنا ہے۔
معاہدے پر تجارتی کاروبار کے لیے موانی کے نائب صدر اور ٹریفلگر کے سی ای او خالد القحطانی نے دستخط کیے۔
ینبع میں واقع کنگ فہد انڈسٹریل پورٹ مملکت اور بحیرہ احمر میں خام تیل، ریفائنڈ پیٹرولیم اور پیٹرو کیمیکل کے لیے سب سے بڑی تجارتی بندرگاہ ہے۔
یہ پورٹ مثالی طور پر پانچ لاکھ ٹن کی تھرو پٹ صلاحیت، 34 برتھوں اور 10 ٹرمینلز پر محیط انفراسٹرکچر کے ساتھ مشرقی مغربی عالمی تجارتی راستوں کی خدمت کے لیے واقع ہے۔

شیئر: