Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کا خیر مقدم کرتے ہیں: شاہ سلمان

عازمین حج کا ہر طرح سے ان کا خیال رکھنا اعزاز کا باعث ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز نے کہا ہے کہ’ دنیا کے مختلف ممالک سے حج پرآنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مسجد الحرام، مسجد نبوی اور ان کے زائرین کی خدمت پر فخر ہے۔ عازمین حج کے امن و سلامتی، انہیں انتہائی آرام و راحت پہنچانے اور ہر طرح سے ان کا خیال رکھنا اعزاز کا باعث ہے‘۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو جدہ کے قصر السلام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز زیر صدارت ہوا ہے۔
کابینہ نے زائرین حج کی ارض مقدس آمد میں سہولتیں اور انہیں فراہم کی جانے والی معیاری خدمات جاری رکھنے کی ستائش کی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ’ یہ سب سعودی وژن 2030 کے اہداف کے عین مطابق ہے۔ حرمین شریفین نیز مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اور عرفات) میں نافذ کیے جانے والے تاریخی منصوبوں کا نتیجہ ہے‘۔ 
 قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹرعصام بن سعد بن سعید نے بتایا کہ ’اجلاس میں گزشتہ دنوں سعودی عرب کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا خصوصا برادر اور دوست ممالک کے ساتھ تعاون کے استحکام اور کثیر جہتی مشترکہ عمل کو آگے بڑھانے کے امور زیر بحث آئے‘۔ 
کابینہ نے ولی عہد کے دورہ فرانس سے خوشگوار نتائج کی توقع ظاہر کی اور فرانس کے ساتھ سعودی عرب کے منفرد تعلقات، دونوں ملکوں کے دوست عوام کے رشتوں اور تمام شعبوں میں انہیں مضبوط اور بہتر بنانے کی کوششوں کی تعریف کی۔ 
کابینہ نے بیجنگ  معاہدے پر عمل درآمد کو منطقی انجام تک پہنچانے کی جہت میں ایران سعودی مذاکرات کی تازہ صورتحال، دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی نیز باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی و بین الاقوامی مساْئل کے حوالے سے تعاون جاری رکھنے کے امور کا جائزہ لیا۔ 

کابینہ نے ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے حمایت کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا (فوٹو: ایس پی اے)

کابینہ نے ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے ریاض کی نامزدگی کی حمایت کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ 
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ’ریاض میں ایکسپو 2030 کا انعقاد سعودی عرب کے لیے اپنے کارناموں خصوصا بے مثال قومی تبدیلی سے دنیا بھر کے  اقوام و ممالک کو متعارف کرانے کا بہترین موقع ثابت ہوگی‘۔
’یہ مستقبل میں جھانکنے کے لیےعالمی برادری کے ساتھ مضبوط تعاون کا پلیٹ فارم ثابت ہوگی اس کی بدولت اہم بین الاقوامی چیلنجوں کے حل اور اس حوالے سے بیداری کا معیار بلند کرنے کے مواقع ملیں گے‘۔ 
کابینہ نے رومانیہ کے ساتھ شہری دفاع کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر مذاکرات کا اختیار وزیر داخلہ، ماحولیاتی تحفظ کے سلسلے میں کویت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر ماحولیات و پانی و زراعت کو تفویض کیا ہے۔ 
 جمہوریہ گنی کے ساتھ سائنسی اور تعلیمی تعاون کی یادداشت اور سامان کے بین الاقوامی سودوں سے متعلق اقوام متحدہ کے معاہدے میں شمولیت کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کے ساتھ موسمیات کے مطالعات کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر ماحولیات اور ازبکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار قومی مرکز برائے دستاویزات کے سربراہ کو تفویض کیا۔ 
 مراکش کے ساتھ دہشت گردی اور اس کی فنڈنگ کے جرائم کے انسداد کے سلسلے میں تعاون کے معاہدے، مصر اور سعودی پبلک مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ  کے ساتھ  مفاہمتی یادداشت، بین الاقوامی آبی کونسل میں وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کی رکنیت کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے سٹیز اینڈ اکنامک زونزکا ہیڈکوارٹر کنگ عبداللہ اکنامک سٹی رابغ سے ریاض منتقل کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔

شیئر: