Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ: ایئرپورٹ پر کام کرنے والا ملازم جہاز کے انجن میں پھنس کر ہلاک

مقامی میڈیا کے مطابق انجن میں پھنس کر ہلاک ہونے والا شخص یونیوفائی ایوی ایشن کا ملازم تھا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکہ میں ایک ناخوشگوار واقعے میں ایئرپورٹ پر کام کرنے والا ملازم جہاز کے انجن میں پھنس کر ہلاک ہو گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی حکام نے اتوار کو کہا ہے کہ وہ ایک معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں جس میں ریاست ٹیکساس میں ایئرپورٹ پر کام کرنے والے ایک ملازم کو جہاز کے انجن نے اپنی طرف کھینچ لیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
دی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) نے اپنے بیان میں اے ایف پی کو بتایا کہ ’جمعے کی رات لاس اینجیلس سے سان انٹونیو ٹیکساس میں ڈیلٹا کی پرواز نے لینڈ کیا۔ اسی دوران ایک ملازم انجن میں پھنس گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’این ٹی ایس بی اس واقعے کے بارے میں معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق انجن میں پھنس کر ہلاک ہونے والا شخص یونیوفائی ایوی ایشن کا ملازم تھا۔
ڈیلٹا نے مقامی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ کمپنی کو جمعے کو پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر ’شدید رنج‘ ہے اور وہ انتظامیہ کے ساتھ تفتیش کے آغاز کے لیے معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
یونیفائی ایوی ایشن نے نشریاتی ادارے کو بتایا کہ یہ ایک بھیانک حادثہ ہے۔
یونیفائی ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ’ابتدائی تفتیش کے مطابق اس واقعے کا یونیفائی کے آپریشنل پراسس، حفاظتی اقدامات اور پالیسیوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
دوسری جانب بدھ کو امریکہ کی مقامی ایئرلائن پِیڈمونٹ ایئرلائنز کو گزشتہ سال ایسے ہی حادثے میں ملازم کے ہلاک ہونے پر اوکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ایڈمنسٹریشن (اوشا) کی جانب سے 15 ہزار ڈالر کا جرمانہ کیا گیا۔
اوشا کا کہنا ہے کہ ’باقاعدہ ٹریننگ اور حفاظتی اقدامات کی یقین دہانی ایسے واقعے کو ہونے سے روک سکتی تھی۔‘

شیئر: