ریاض ..وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ پاکستان امت مسلمہ کے اتحاد اوربین المذاہب ہم آہنگی اور بات چیت کے فروغ میں دلچسپی رکھتا ہے۔ ریاض میں عرب اور اسلامی ملکوں کے رہنماوں سے ملاقاتوں میں انہوںنے کہاکہ صف اول کاملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ آج دنیا کوسب سے زیادہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے چیلنج کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سلامتی اور معیشت کے شعبوں میں بہتری آئی ہے گزشتہ ایک عشرے میں پچھلے سال دہشت گردی کے حملوں کی تعداد کم ترین رہی ،جس سے دہشت گردی سے متاثرہ ممالک میں مطلوبہ نتائج کے حصول میں مدد مل سکتی ہے۔نواز شریف نے صدرٹرمپ کے پہلے غیرملکی دورے میں اسلامی سربراہ اجلاس میں شرکت پر انہیں سراہا۔ قطر کے امیر،بحرین کے شاہ ،تاجکستان اورآذربائیجان کے صدور اور ملائیشیا کے وزیراعظم سمیت کئی دوسرے رہنماوں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔