Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن کامیاب اور متعدی امراض سے پاک رہا، سعودی حکام کا اعلان

مناسک حج انتہائی آرام وسکون سے مکمل ہوئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
 حج 2023 کے آخری دن جمعہ 30 جون( 12 ذوالحجہ) کو حجاج کی بڑی تعداد رمی کے بعد منی سے رخصت ہوگئی۔
وہ حجاج جو 13 ذوالحجہ کو بھی منی میں قیام کرنا چاہیں وہ چوتھے دن کی رمی کے بعد مکہ جائیں گے۔
حج سیزن کے تمام مراحل خاص کر وقوف عرفہ، مزدلفہ میں رات کو قیام اور تینوں دنوں کی رمی انتہائی آرام وسکون سے مکمل ہوگئی۔
عسکری اور سیکیورٹی اداروں میں ہم آہنگی
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے جو اعلی حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، حج سیکیورٹی پلان کے نفاذ میں شریک وزارت داخلہ، ریاستی سلامتی، وزارت نیشنل گارڈز، وزارت دفاع اور محکمہ خفیہ کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے حجاج کی سلامتی کو یقینی بنانے کےانتظامات اور سیکیورٹی سکیمیں کامیاب بنانے پراطمینان کا اظہار کیا۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر داخلہ نے جمعے کو وزارت کے دفتر مکہ مکرمہ میں اعلی عہدیداروں سے ملاقات کی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ’ تمام عسکری اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی  کے باعث حج سیکیورٹی پلان کامیاب رہا۔ انہوں نے نیشنل گارڈز اور وزارت دفاع کے وزرا اور حج سیکیورٹی انتظامات میں شریک تمام اداروں کے سربراہوں کا بھی شکریہ ادا کیا‘۔ 
حجاج کی صحت کا معاملہ اولین ترجیح
علاوہ ازیں سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا کہ ’حج سیزن 2023 ہر طرح کے متعدی امراض اور صحت عامہ کو خطرات پیدا کرنے والے مسائل سے پاک رہا۔ صحت سکیمیں کامیاب رہی ہیں‘۔
 ایس پی اے کے مطابق وزیر صحت نے جمعے کو منی میں کنٹرول سینٹر سے بیان میں کہا کہ’ سعودی قیادت کی مدد اور شہزادہ محمد بن سلمان کی مسلسل نگرانی کی بدولت حج سیزن کی صحت سکیمیں کامیاب رہیں‘۔ 

تینوں دنوں کی رمی انتہائی آرام وسکون سے مکمل ہوگئی۔(فوٹو: ایس پی اے)

’ حج سیزن ہر طرح کی متعدی بیماریوں یا صحت عامہ کو خطرات لاحق کرنے والے مسائل سے پاک و صاف رہا ہے‘۔  
انہوں نے کہا کہ ’وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کی زیرقیادت اعلی حج کمیٹی نے تمام صحت مسائل حل کرانے میں تعاون دیا‘۔  
وزیر صحت نے گورنر مکہ مکرمہ و سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ خالد الفیصل، نائب گورنر مکہ مکرمہ و نائب سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ  بدر بن سلطان اور مکہ مکرمہ گورنریٹ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کی مسلسل توجہ کے باعث صحت سکیمیں کامیاب ہوسکیں۔ 
انہوں نے کہا کہ’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی انتہائی خواہش رہی کہ تمام حجاج کی صحت کی حفاظت سب سے اوپر رہے۔ 354 سے زیادہ  صحت اداروں اور 36 ہزار سے زیادہ صحت عملے اور 7600 سے زِیادہ رضاکاروں کی مربوط کوششوں کے باعث ایام حج میں صحت سکیمیں کامیاب رہی ہیں‘۔
کامیابی میں جدید ٹیکنالوجی کا اہم کردار
نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور شعبوں کے درمیان ہم آہنگی نے اس سال حج سیزن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’الوداعی طواف کے بعد اندرون مملکت سے آنے والے شہری اور مقیم غیر ملکی حجاج مکہ مکرمہ سے رخصت ہو رہے ہیں‘۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ’ الوادعی طواف کے انتظامات کامیاب رہے‘۔
’ بین الاقوامی معیار کے مطابق حجاج کو بہترین سہولتیں کو فراہم کی گئیں۔ مطاف میں توسیع  اور سعودی دالان  کی وجہ سے کافی گنجائش نکل آئی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’حرمین شریفین آپریشنل پلان کے دوسرے مرحلے میں تمام فیلڈ ٹیمیں سو فیصد چوکس ہیں اور حجاج کی خدمت کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے‘۔ 
’ مسجد الحرام میں سعودی دور کی تیسری توسیع کے تمام حصوں سے فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔ اس کی تمام منزلیں حجاج کے لیے کھول دی گئی ہیں‘۔
 شاہ فہد والی توسیع کی تمام منزلیں اور مسجد الحرام کے تمام صحن حجاج کے استعمال میں ہیں۔ اسی کے ساتھ امراض سے بچاؤ کی تمام تدابیر پر عمل کیا جارہا ہے۔

شیئر: