قاہرہ ..... عرب لیگ کے ترجمان قائمقام وزیر محمود عفیفی نے کہا ہے کہ ریاض کانفرنس کے دوررس نتائج برآمد ہونگے ۔ کانفرنس انتہائی اہمیت کی حامل تھی جس کا انعقاد بروقت کیا گیا ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کو عرب لیگ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز سعودی عرب سے جہاں عرب اور اسلامی ممالک کے سربراہوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہو ا۔ عفیفی نے توقع ظاہر کی کہ امریکی صدر کے دورہ سے عرب ممالک اور امریکہ تعلقات میں تیزی سے بہتری آئے گی ۔ ریاض کانفرنس کے حوالے سے ترجمان عرب لیگ کا کہنا تھا کہ سمٹ میں تمام فریقوں نے اپنی آراءپیش کی جو خطے اور امریکہ کے مشترکہ معاملات پر مبنی تھی۔ انہو ںنے مزید کہا کہ عرب ممالک جن مشکل حالات سے گزر رہے ہیں ایسے میں یہ ضروری تھا کہ معاملات کے بہتر حل کےلئے عرب اور امریکی رابطے کی ضرورت تھی تاکہ آئندہ کےلئے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جاسکے۔ اس حوالے سے ریاض سمٹ آراءکے تبادلے کےلئے بہتر ین فورم ثابت ہوا ۔ ریاض سمٹ کے فوائد کے حوالے سے عرب لیگ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سمٹ میں عر ب ممالک نے بہتر انداز میں اپنے موقف کی ترجمانی کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں ترجیحات پیش کی جس کی روشنی میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ علاقے میں انتہائی خوشگوار ماحول میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے عرب اور امریکہ کے تعلقات کے حوالے سے بہتر نتائج برآمد ہونگے۔