Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر مواصلات کی چین میں سعودی سکالرشپ ہولڈر طلبا سے ملاقات

آئی ٹی کے شعبے میں عالمی سطح پر انتہائی قابل نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ فوٹو: واس
سعودی عرب کے وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواحہ نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں تربیت اور تعلیم کے لیے سکالرشپ پر آنے والے متعدد سعودی طلبا سے ملاقات کی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے نے سنیچر کو رپورٹ میں بتایا ہے کہ یہ ملاقات ڈیجیٹل معیشت، خلائی اور جدید نظام سے متعلق سعودی وفد کے چین کے کئی شہروں کے تعلیمی دورے کے اختتام سے قبل ہوئی ہے۔
سعودی وزیر عبداللہ السواحہ نے سکالرشپ لینے والےسعودی طلبا کے ساتھ بات چیت کی۔ اس موقع پر نائب وزیر برائے مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی ہیثم ال اوہالی اور عوامی جمہوریہ چین میں مملکت کے سفیرعبدالرحمن الحربی بھی موجود تھے ۔
عبداللہ السواحہ نے سعودی وژن 2030 کے تحت اس پروگرام کی اہمیت بیان کرتے ہوئے صلاحیتوں میں اضافے  کے لیے سکالرشپس پر تعلیم حاصل کرنے والے مملکت کے طلبا پر فخر کا اظہار کیا۔
سعودی وزیر نے مزید کہا کہ مملکت  کے جدید پروگراموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہمارے نوجوان اور خواتین اہم ستون ہیں۔

سعودی وژن 2030 کے تحت سکالرشپس لینے والے طلبا پر فخر ہے۔ فوٹو: واس

ملاقات کے دوران عبداللہ السواحہ نے طلبا کو ڈیجیٹل معیشت، تحقیق، ترقی ، خلائی شعبے کے علاوہ دیگر ہر طرح کے جدید شعبوں میں مملکت کے آئندہ پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں عالمی سطح پر مقابلہ کرنے  کے لیے سائنس میں انتہائی قابل نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ 
 

شیئر: