Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: آٹھ گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی پر اوور ٹائم دینے کے احکامات

دھوپ میں کھلے مقامات پر کام کی پابندی 15 ستمبر تک ہے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن کے ماتحت صحت و پیشہ ورانہ سلامتی ادارے کے ڈائریکٹر ابراہیم العماری نے کہا ہے کہ ’امارات کے قوانین آجر کو اس بات کا حق دیتے ہیں کہ وہ موسم گرما کے دوران دوپہر میں کھلے مقامات پر ڈیوٹی پر پابندی کے دورانیے سے باہر یومیہ ڈیوٹی کے 8  گھنٹے مکمل کرائے۔‘
الامارات الیوم کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’اگر کسی آجر نے ایک دن میں اپنے اجیروں سے آٹھ گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی لی تو اسے اوورٹائم دینا ہوگا۔‘
ریڈیو چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات پہلا ملک ہے جس نے مزدوروں کی صحت و سلامتی کے لیے دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر ڈیوٹی پر پابندی عائد کی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر ڈیوٹی کی پابندی سے تین زمروں کے عملے کو استثنیٰ دیے ہوئے ہے۔ مفاد عامہ کے پیش نظر 3 کام ایسے ہیں جنہیں روکا نہیں جاسکتا۔‘
ابراہیم العماری نے بتایا کہ ’کھلے مقامات پر ڈیوٹی کی پابندی سے جو تین کام مستثنیٰ ہیں ان میں سے ایک اسفالٹ مکسچر اور کنکریٹ ڈالنے کا کام ہے۔‘
’دوسرا کام فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں کی اصلاح و مرمت، بجلی کیبل کی درستگی اور تیسرا مواصلاتی لائن کی خرابی کو دور کرنا ہے۔‘
واضح رہے کہ اماراتی قانون کے تحت ان دنوں دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے سہ پہر تین بجے تک کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لی جا سکتی۔ 
امارات میں دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر کام لینے  پر 15 ستمبر تک پابندی ہے۔

 

امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: