Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیبیا میں قذافی کا تختہ الٹنا ’غیر اخلاقی‘ تھا: فرانسیسی کمانڈو

قذافی حکومت کا تختہ الٹنے سے قبل فرانس اور لیبیا کے قریبی روابط تھے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
فرانس کے سابق سیکرٹ سروس ایجنٹ نے اپنی کتاب میں تحریر کیا ہے کہ لیبیا کے سابق رہنما معمر قذافی کی حکومت کا تختہ الٹنا بڑی سٹریٹجک غلطی اور 'غیر اخلاقی' غلطی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق 69 سالہ جین فرانکویس لیولر نے فرانس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل فار ایکسٹرنل سکیورٹی میں 27 سال خدمات انجام دیں اور طرابلس میں بھی تعینات رہے۔

یہ بات سمجھ سے بالا تھی کہ صدر سرکوزی قذافی کا سر چاہتے تھے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

فرانس کے سابق کمانڈو لیبیا میں کرنل قذافی کے زوال کے تین سال بعد 2014 میں اپنے عہدے سے ریٹائر ہو گئے تھے۔
جین فرانکویس نے اپنی تازہ کتاب 'The Tripoli Man: Memoirs of a Secret  Agent' میں لکھا ہے کہ اس وقت کے فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی نے لیبیا میں باغی گروپوں کی حمایت کے فیصلے کے 'تباہ کن' نتائج کی جانب دھیان نہیں دیا۔
ٹی وی چینل فرانس 2 کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سابق کمانڈو نے بتایا کہ فوجی آپریشن شاندار طریقے سے چلایا گیا لیکن اس میں ایک چال یہ تھی کہ قذافی مغرب کی جانب ہاتھ بڑھا رہے تھے۔
فرانکویس نے کہا کہ ہم نے نہ صرف قذافی کا ہاتھ پکڑا جو ہماری طرف بڑھایا جا رہا تھا بلکہ ہم نے ان کا سر بھی کاٹ دیا اور ایسا کرنا مجھے مکمل طور پرغیر اخلاقی لگتا ہے۔

فرانس کے سابق کمانڈو 2014 میں عہدے سے ریٹائر ہو گئے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

فرانسیسی کمانڈو نے مزید کہ ہم نے قذافی کو تو ختم کر دیا اور ان کے ملک کو تباہ کر دیا یہ سوچے بغیر کہ لیبیا دہشت گردی کے خلاف صف آرا تھا۔
’ہمیں اس تباہ کن مہم کے نتائج کا اندازہ بالکل نہیں تھا اور یہ بات بھی سمجھ سے بالا تھی کہ فرانس کے صدر سرکوزی قذافی کا سر چاہتے تھے۔‘
کتاب کے مصنف نے لکھا کہ کرنل قذافی کی حکومت کا تختہ الٹنے سے قبل فرانس اور لیبیا کے حکومتی عہدیداروں کے ایک دوسرے سے قریبی روابط تھے۔
سرکوزی پر2007 میں لیبیا کے حکمران سے سیاسی مہم چلانے کے لیے رقم وصول کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا اور حکومتی ارکان کا کہنا تھا کہ انہوں نے انہیں لاکھوں ڈالر دیے تھے۔

  ڈی جی ایس ای باغی گروپوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا تھا (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

کتاب کے مصنف نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ڈی جی ایس ای ایجنٹ لیبیا کے باغی گروپوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے تھے اور برطانوی سپیشل ایئر سروس کے اہلکار بھی لیبیا میں قذافی کا تختہ الٹنے کے لیے کام کر رہے تھے۔
کتاب میں ایک واقعہ کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں ایک سکاٹش آپریٹیو جسے 'پیئرس' کہا جاتا ہے نے فرانکویس سے کہا کہ وہ  لیبیا میں DGSE آپریٹو کے ٹھکانے بتائیں تاکہ کارروائیوں کو مربوط کیا جا سکے۔
دوسری جانب فرانسیسی ادارے ڈی جی ایس ای نے کہا ہے کہ اس طرح کے کاموں کو شائع کرکے سیکرٹ سروس کے سابق ممبران اپنے رازداری کے حلف کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور ادارے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

شیئر: