Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں 1.9 ارب ڈالر کے سرکاری اثاثوں کی فروخت کا اعلان

ہوٹل انڈسٹری میں سرمایہ کاری سے 700 ملین ڈالر کا معاہدہ بھی شامل ہے۔ فوٹو ٹوئٹر
مصر کے وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی نے گذشتہ روز منگل کو بتایا ہے کہ مصر نے نجی شعبے کو فروغ دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے پروگرام کے تحت کل 1.9ارب ڈالر کے سرکاری اثاثوں کے حصص فروخت کرنے کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق ان معاہدوں سے مصری کرنسی پر دباؤ کم کرنے اور تین ارب ڈالر کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے قرض پروگرام کے تحت اقتصادی اصلاحات کے آغاز میں مدد ملے گی۔

جون کے آخر تک حصص کی فروخت سے 2 ارب ڈالر کا ہدف تھا۔ فوٹو عرب نیوز

وزیراعظم  کا کہنا ہے کہ حکومت کو 1.9 ارب ڈالر کی رقم میں سے 1.65 ارب ڈالر کے حصص غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ڈالرز میں فروخت کئے جائیں گے بقیہ معاہدے مصری پاؤنڈ  کی شکل میں ہوں گے۔
حکومت کا جون کے آخر تک حصص کی فروخت سے  2 ارب ڈالر اکٹھا کرنے کا ہدف تھا لیکن اس کے لیے تمام کوششوں کو حالیہ مہینوں میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے متوازی مارکیٹ میں مصری پاؤنڈ کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔
واضح رہے کہ مصری پاؤنڈ گزشتہ سال کے اوائل سے سرکاری شرح مبادلہ میں ڈالر کے مقابلے میں اپنی نصف قدر کھو چکا ہے اور افراط زر کی شرح ریکارڈ بلندی پر ہے۔
مصر کی وزیر برارئے منصوبہ بندی ھالہ سعید نے کہا ہے کہ ان نئے معاہدوں میں تیل اور پیٹرو کیمیکل سیکٹر کی تین کمپنیوں کے حصص ابوظہبی کے خودمختار دولت فنڈ ADQ کو 80 کروڑ ڈالر میں فروخت کرنے کا معاہدہ شامل ہے۔
اس کے علاوہ  ہوٹل انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی پیشکش کر کے 70 کروڑ ڈالر اکٹھا کرنے کا معاہدہ بھی شامل ہے۔

 1.65ارب ڈالر کے حصص غیر ملکی کمپنیوں کو ڈالرز میں فروخت ہوں گے۔ فوٹو روئٹرز

منصوبہ بندی کی وزیر نے کابینہ کے سینئر ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ یہ سب معاہدے ہو چکے ہیں۔
ھالہ سعید نے بتایا مصر کے شہروں قاہرہ، سکندریہ اور الاقصر شہر میں قائم ہوٹلوں کے حصے اور تاریخی جائیدادیں بھی حصص میں شامل ہیں۔
وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی کا کہنا ہے کہ حکومت 32 ریاستی کمپنیوں کی فہرست میں سے تقریبا ایک چوتھائی کمپنیوں کو حصص کی فروخت کا اعلان کیا ہے جب کہ دیگر کمپنیوں کو بعد شامل کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ  اس عمل سے امید ہے کہ سال 2026 تک ہارڈ کرنسی کی سالانہ شرح 70 ارب ڈالر سے بڑھ کر 191 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

شیئر: