Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی خاتون کا رشتہ ڈھونڈنے والے کے لیے پانچ ہزار ڈالر انعام کا اعلان

اِیو ٹِلی کُولسن نے کہا ہے کہ انہیں 27 سے 40 سال کے درمیان کا شوہر درکار ہے۔ (فوٹو: اِیو ٹِلی کُولسن انسٹاگرام)
ڈیٹنگ ایپس پر ناکام ہونے والی امریکی خاتون نے شادی کے لیے شوہر ڈھونڈ کر دینے والے کو پانچ ہزار ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
نیو یارک پوسٹ کے مطابق لاس اینجلس میں رہنے والی 35 برس کی اِیو ٹِلی کُولسن جو پیشے کے لحاظ سے کارپوریٹ اٹارنی ہیں، نے ویڈیو سٹریمنگ ایپ ٹک ٹاک پر اپنے لیے شوہر ڈھونڈنے کے لیے مدد مانگی ہے۔
اُن کے ٹک ٹاک پر ایک لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔

90 سالہ دولہا کے کنوارے مردوں کو کیا مشورے: کلک کریں

اِیو ٹِلی کُولسن نے انکشاف کیا کہ شادی کے لیے شوہر ڈھونڈنے کی بات پہلے انہوں نے اپنی دوستوں اور باس سے کی تھی تاہم اب وہ اِس بات کو سب کے سامنے رکھ رہی ہیں۔
’تو آفر یہ ہے کہ اگر آپ مجھے میرے شوہر سے ملوائیں اور میں اُس سے شادی کر لوں تو میں آپ کو پانچ ہزار ڈالر دوں گی۔ میں اُس کے ساتھ زیادہ عرصے تک شادی شدہ نہیں رہ سکتی۔ میں اُسے 20 برس بعد طلاق دے سکتی ہوں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ لیکن اگر آپ مجھے کسی ایسے شخص سے ملواتے ہیں جو میرے دل میں اتر سکتا ہے تو میں آپ کو پانچ ہزار ڈالر دوں گی۔
اِیو کُولسن پانچ برسوں سے سنگل ہیں اور ڈیٹنگ ایپس استعمال کر کر کے تھک چکی ہیں۔ انہوں نے براہ راست اور ڈیٹنگ ایپس پر لوگوں سے ملنے کی کوشش کی ہے لیکن انہیں کوئی بھی پسند نہیں آیا۔

ویڈیوز دیکھنے کے لیے فالو کیجیے ہمارا یوٹیوب چینل اور فیس بُک پیج

انہوں نے مزید کہا کہ ’کورونا وائرس کے بعد ڈیٹنگ کلچر میں عجیب سی تبدیلی آئی ہے، لڑکے آپ سے براہ راست ملنے نہیں آتے اور ایپ پر بہت سے مرد ڈیٹ کے لیے سنجیدہ نہیں ہیں، تو اگر کوئی مجھے ایسا شوہر ڈھونڈ کر دے جو میرا خیال رکھے، میری ضروریات پوری کرے اور وہ اس رشتے کے لیے سنجیدہ ہو، تو میں اسے پانچ ہزار ڈالر دوں گی۔
35 برس کی خاتون کہتی ہیں کہ انہیں 27 سے 40 سال کے درمیان کا شوہر درکار ہے جس کا قد پانچ فٹ 11 انچ ہو اور اُس کی حس مزاح برطانوی ہو، وہ کھیلوں، جانوروں اور بچوں کا شوقین ہو جبکہ اس کے علاوہ اُن کے ہونے والے شوہر کے سیاسی اور مذہبی نظریات اور قومیت اُن کے لیے معنی نہیں رکھتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ اُن کا شوہر نشہ آور ادویات نہ لیتا ہو۔
اِیو ٹِلی کُولسن کا مزید کہنا تھا جو بھی اُن کا رشتہ کروائے گا، وہ اسے شادی کے کاغذات پر دستخط کرنے کے فوری بعد پانچ ہزار ڈالر دے دیں گی۔

شیئر: