سیما حیدر کی انڈین شہریت کے لیے درخواست، دھمکی آمیز خطوط اور امریکی سائفر سمیت پاکستان میں گذشتہ ہفتے پڑھی جانے والی خبریں
سیما حیدر کی انڈین شہریت کے لیے درخواست، دھمکی آمیز خطوط اور امریکی سائفر سمیت پاکستان میں گذشتہ ہفتے پڑھی جانے والی خبریں
ہفتہ 22 جولائی 2023 0:00
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
گذشتہ ہفتے پاکستان میں خیبرپختونخوا کے ایک گاؤں کے رہائشیوں کو مصول ہونے والے چوروں کے خطوط ، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آٹھ ماہ تک بغیر ٹیکس ادا کیے موبائل استعمال کرنے کی سہولت، انڈیا میں موجود پاکستانی خاتون سیما حیدر سے پولیس کی تفتیش اور سابق وزیراعظم عمران خان کی مبینہ امریکی سائفر سے متعلق نئے بیان اور دیگر خبریں قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
سونا اور نقد رقم تیار رکھیں، خیبرپختونخوا میں چوروں کے پورے گاؤں کو خطوط
خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے گاؤں ڈاگئی کے 18 گھرانوں کو مبینہ چوروں کے گینگ کی جانب سے دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے ہیں۔
مبینہ چوروں کے گینگ نے دھمکی آمیز خطوط میں گاؤں والوں سے نقد رقم اور سونا گھر میں رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان خطوط میں چوروں نے لکھا کہ ’کچھ دن پہلے جو چوری ہوئی تھی وہ ہم نے کی تھی۔ اب اگلا نمبر آپ کا ہے۔ اس لیے اپنے گھر کے قیمتی سامان، سونا اور بینک سے رقم نکال کر گھر منتقل کریں۔‘
اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ٹیکس دیے بغیر 8 ماہ تک موبائل فون استعمال کرنے کی سہولت
پاکستان کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن کے آن لائن سسٹم کا اجرا کر دیا ہے۔
اس نئے سسٹم کے تحت اب سمندر پار پاکستانی ملک میں آکر مجموعی طور پر 240 دن (آٹھ ماہ) تک ٹیکس دیے بغیر موبائل فون استعمال کر سکیں گے اور یہ خودکار نظام ان کے آئی ایم ای آئی کو بلاک ہونے سے بچائے گا۔
سیما حیدر نے انڈین صدر سے شہریت دینے کی اپیل کردی: رپورٹ
آن لائن ویڈیو گیم ’پب جی‘ پر ایک شخص سے دوستی کرکے انڈیا جانے والی پاکستانی خاتون سیما حیدر نے انڈین صدر دروپدی مرمو سے درخواست کی ہے کہ انہیں انڈین شہریت دی جائے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق پاکستانی شہری سیما حیدر نے انڈین صدر کے دفتر میں پٹیشن دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں انڈین شہریت دی جائے۔
جمعے کو چھپنے والی ایک رپورٹ کے مطابق سیما حیدر نے انڈین حکومت کو یہ بھی کہا ہے کہ جب تک ان کہ شہریت کا فیصلہ نہیں ہو جاتا انہیں انڈیا میں رہنے کی اجازت دی جائے۔
امریکی سائفر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے لیے تھا: عمران خان
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ہٹانے کے لیے امریکی سائفر جنرل قمر جاوید باجوہ کے لیے بھیجا گیا تھا۔
جمعرات کی رات ایک ویڈیو تقریر میں عمران خان نے اپنے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کے حوالے سے کہا کہ ’جس اعظم خان کو میں جانتا ہوں وہ ایماندار اور قابل آدمی ہیں۔ اور جس طرح کی باتیں میں نے سائفر میں پڑھی ہیں وہ کہہ نہیں سکتے۔ جب تک میں اعظم خان کے منہ سے نہیں سنوں گا مانوں گا نہیں۔
’تینوں کو پیار زیادہ ملتا تھا،‘ مظفر گڑھ میں بھائی کے ہاتھوں بہنیں قتل
پاکستان کے جنوبی پنجاب کے شہر مظفرگڑھ میں مبینہ طور پر بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی تین کم سن بہنوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے تینوں بہنوں کے قتل کے الزام میں ان کے بڑے بھائی کو گرفتار کر لیا ہے۔