Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئےعمرہ سیزن میں زائرین کو صحت خدمات کی فراہمی کےلیے تیاریاں مکمل

اجیاد ایمرجنسی ہسپتال زائرین کو چوبیس گھنٹے صحت خدمات فراہم کرے گا (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ ہیلتھ کمپلیکس نے کہا ہے کہ’ نئے عمرہ سیزن کے لیے مقدس شہر کے تمام ہسپتال اور ہیلتھ سینٹرز نے تیاریاں مکمل کرلیں‘۔
اخبار 24 کے مطابق مکہ مکرمہ ہیلتھ کمپلیکس کا کہنا ہے کہ’ تمام ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز نے جامع طبی خدمات پیش کرنے کے لیے آپریشنل منصوبے تیار کرلیے ۔ وزارت صحت نگرانی کررہی ہے‘۔ 
ہیلتھ کمپلیکس نے بتایا کہ’ مکہ میں دس ہسپتال اور 82 ہیلتھ سینٹر آپریشنل منصوبوں کی تیاریاں کرچکے ہیں‘۔ 
اجیاد ایمرجنسی ہسپتال مسجد الحرام کے زائرین کو چوبیس گھنٹے صحت خدمات فراہم کرے گا۔
علاوہ ازیں مسجد الحرام کے دالانوں میں موجود تین ایمرجنسی ہیلتھ سینٹرز بھی عمرہ زائرین کو صحت خدمات فراہم کریں گے۔ صحت ادارے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے جدید ترین آلات سے لیس ہیں۔ 
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق ’ نئے ہجری سال پر نئےعمرہ سیزن کا آغاز ہوگیا‘۔ 
’ ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چیک پوسٹوں کے راستے سعودی عرب آنے والے عمرہ زائرین کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے‘۔
وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ ’بیرون مملکت سے عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے آنے والے ای ویزا ’نسک‘ پورٹل کے ذریعے جاری کراسکتے ہیں‘۔  
سعودی حکومت نے دنیا کے ہرعلاقے سے مسلمانوں کوعمرہ ویزے کے اجرا میں متعدد سہولتیں فراہم کی ہیں۔

شیئر: